price control magistrate

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عادی گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کو جیل بھی بھجوائیں

ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی واضح ہدایات کی روشنی میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام کو سو فیصد یقینی بنایا جا رہا ہے. انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس صاحبان کو ہدایت کی کہ عادی گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کوجرمانے کرنے کے ساتھ ساتھ جیل بھی بھجوائیں۔

منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 03 جون 2022 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر احسان الحق ضیاء، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین کاشف جلیل، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ محمد عرفان ہنجرا، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد اقبال،فوکل پرسن و ڈی او انڈسٹریز رانا محمد سعید سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان نے کہا کہ حکومت ضروری اشیائے خوردونوش،پھلوں ، سبزیوں کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے پوری طرح سنجیدہ ہے اورموجودہ حالات میں عوام الناس کو ریلیف پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ افسران فیلڈ میں رہتے ہوئے عوام الناس کو زیادہ زیادہ سے ریلیف فراہم کرنے کیلئے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر سبزی منڈیوں کے دورے کرنے اور سبزیوں اور پھلوں کی اپنی نگرانی میں بولی کروانے اور شہر کے ساتھ ساتھ دیہاتی علاقوں میں بھی پرائس چیکنگ کے حوالے سے کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں