منڈی بہاو الدین( ایم.بی.ڈین نیوز یکم جنوری 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ کامیاب سرکاری ملازمت کے بعد عزت و احترام سے ریٹائرمنٹ اللہ تعالیٰ کا عظیم انعام ہے جو دیانتداری ،محنت اور جانفشانی سے فرائض ادا کرنے سے ہی حاصل ہوتا ہے، محنتی اور فرض شناس افسران و ملازمین محکمہ کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں ، فرض شناسی اور ایمانداری کے باعث افتخار احمد کا کردار دیگر سرکاری افسران و ملازمین کیلئے مشعل راہ ہے جبکہ بحثیت انسان وہ خوش اخلاق، ملنسار اور خدا ترس انسان ہیں ملازمت کے دوران ان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ہر خاص و عام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔
یہ بات انہوں نے پبلک اینڈ ہیلتھ انجینئر نگ ڈویژن کے ایگزیکٹو انجینئر افتخار احمد کو مدت ملازمت مکمل کر کے ریٹائرڈ ہونے پرمنعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین ملک کاشف نواز ،ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے ملک محمد طاہر،سی او میونسپل کمیٹی محمد فیاض، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر محمد شکیل نذر اور دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ریٹائرہونے والے افتخار احمد کی پیشہ وارانہ خدمات اور فرائض سے گہری وابستگی کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بطریق احسن فرائض انجام دیتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔ ڈپٹی کمشنر نے نیک تمناﺅں کا اظہار کرتے ہوئے افتخار احمد کی درازی عمر ، صحت و تندرستی اور آئندہ زندگی کامیابی سے گزارنے کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے ملازمت کرتے ہوئے مثالی خدمات انجام دیتے ہوئے محکمہ میں شہرت حاصل کی جن کے خلاف عرصہ ملازمت کے دوران کوئی انکوائری یا غفلت کی شکایت نہیں پائی گئی۔اس موقع پر افتخار احمد نے ساتھی افسران کا شکریہ ادا کیا اور ان کیلئے خیرو برکت کی دعا کی۔