117

،ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین کا ٹی۔ایچ۔کیو اراضی سنٹر، گرلز ڈگری کالج و ماڈل بازار ملکوال کا دورہ کیا

منڈی بہاوالدین ( ایم۔بی۔ڈین۔نیوز 25 فروری 2020 ) ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے تحصیل ملکوال میں اراضی ریکارڈ سنٹر ،ٹی ایچ کیوہسپتال ،ماڈل بازاراورگورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کا اچانک دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ملکوال سید اسد عباس شیرازی، ڈی ایس پی راجہ فخر بشیر، سی او میونسپل کمیٹی بشیر تارڑ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اپنے دورے کے آغاز میں ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر کے معائنے کے دوران رجسٹری، زمینوں کے اندراج، انتقالات اور فرد کے حصول ایسے شعبوں کے علاوہ صفائی ستھرائی اور دیگر شعبوں کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر ملکوال کو اراضی ریکارڈ سنٹر کی گرین بیلٹ کو بہتر بنانے ، صفائی ستھرائی کے انتظامات مذید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سائلین سے ان کے مسائل کے حوالے سے استفسار کیا اور جواب میں سائلین نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیوہسپتال ملکوال کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی ،لیبر روم ،ڈسپنسری، میل فی میل وارڈ کے علاوہ دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں پر موجود طبی سہولیات کا جائزہ لیا انہوں نے ایم ایس ہسپتا ل کو صفائی ستھرائی کے نظام کو مذید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کا بھی معائنہ کیا انہوں نے کالج کے مختلف شعبوں کے علاوہ اساتذہ کی حاضری ،صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر کالج کی پرنسپل نے کالج کی بہتری کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو چند گزارشات پیش کیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے کالج کے مسائل سے متعلق سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہیں جلد از جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

ڈپٹی کمشنر نے ماڈل بازار ملکوال کے دورے کے دوران مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ ماڈل بازار میں آٹا ،چینی کے علاوہ اشیاءضروریہ اورکریانے کی تمام اشیاء کا سٹاک وافر مقدار میں موجود ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر قائم کردہ ماڈل بازاروں میں عوام الناس کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔ ماڈل بازاروں میں پھل ،سبزی، کریانہ اشیاء خوردونوش بالخصوص چینی آٹا کی مقرر کردہ قیمتوں اور معیار کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے۔

اس موقع پر میونسپل کمیٹی ملکوال میں کھلی کچہری کا انعقاد بھی کیا گیا۔ جس میں ڈپٹی کمشنر نے مختلف دیہی علاقوں سے آئے ہوئے سائلین کی درخواستوں اور شکایات کی داد رسی کرتے ہوئے موقع پر ان کے حل کے احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پرکھلی کچریاں سائلین کے مسائل حل کرنے کا بہترین فورم ہے۔ سائلین کی طرف سے پیش کی جانے والی شکایات کے حل میں انصاف کے تمام تقاضوں کو پیش نظر رکھا جاتا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں