147

اوورسیز پاکستانی کمیٹی منڈی بہاوالدین میں 182شکایات پیش کی گئیں جن میں سے 149شکایات مختلف محکموں کی کاوشوں سے ازالہ کرکے رپورٹ اوورسیز پاکستانی کمیشن کو بھجوائی جاچکی ہے

منڈی بہاوالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 14 فروری 2020 ) ا یڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوملک غضنفرعلی اعوان اورچیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیٹی عارف گوندل نے کہا ہے کہ سردار عثمان بزدار پنجاب حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو درپیش مشکلات اور ان کے مسائل کے حل کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے، ان کی ہدایت کی روشنی میں اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں ، کسی کو ان کےلئے مسائل پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کے اجلاس کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، ڈسٹرکٹ اٹارنی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا حسیب بٹ ،انچارج اوورسیز کمیٹی مدثر، ممبر اوورسیز کمیٹی امتیاز احمد، ترجمان اوورسیز کمیٹی حمزہ علی اور دیگرز نے شرکت کی۔

قبل ازیں کمیٹی کے فوکل پرسن ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ نے اجلاس کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے متعلق شکایات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک کمیٹی میں 182شکایات پیش کی گئیں جن میں سے 149شکایات مختلف محکموں کی کاوشوں سے ازالہ کرکے رپورٹ اوورسیز پاکستانی کمیشن کو بھجوائی جاچکی ہے جبکہ بقیہ 33درخواستیں زیر سماعت ہیںجن کا اس فورم کے ذریعے جلد ہی ازالہ کر لیا جائے گا۔

بریفنگ سننے کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک غضنفر علی اعوان نے وہاں پر آئے ہوئے سائلین کی درخواستوں پر فرداََ فرداََ سماعت کرتے ہوئے موقع پر ہی مختلف محکموں کو ان کے ازالے کیلئے ہدایات جاری کیں اور فوری طور پر رپورٹ کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی درخواستوں کو ترجیحی طور پر نمٹایا جارہا ہے اور متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ افسران کیسز کے حوالے سے مکمل تیاری کر کے اجلاس میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے شکایات سے متعلق مختلف محکموں کو اوورسیز پاکستانیوں کے پرانے کیسز میرٹ پر جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیٹی عارف گوندل کہا کہ ضلعی اوور سیز کمیٹی بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ایک موثر فورم ثابت ہوا ہے۔ اس فورم کے ذرےعے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کےلئے تمام محکمے جانفشانی سے کام کریں ۔انہوں نے ضلعی محکموں کو ہدایت کی کہ وہ کوئی شکایت موصول ہوتے ہی اوورسیز کمیٹی میں جواب جمع کرائیں۔ جن شکایات کا ازالہ ہو جاتا ہے ان کی رپورٹ اوورسیز کمیشن کو فوری بھجوائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں