69

ضلع منڈی بہاﺅالدین میں 16سے18 دسمبر تک جاری رہنے والی پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے2,74,726 بچوں کوپولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائینگے

منڈی بہاوالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 29نومبر2019 ) ڈپٹی کمشنر منڈی بہاﺅالدین مہتاب وسیم اظہر نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم میں پولیو ویکسین کی سو فیصدکوریج کو یقینی بنایا جائے۔ انسداد پولیو مہم پر سو فیصد عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے جسے ہم سب نے مل کر کامیاب بنانا ہے۔ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔ تمام متعلقہ محکمے بالخصوص محکمہ پولیس انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے محکمہ صحت کے ساتھ بھرپور معاونت کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد علی مفتی، ڈی ایچ اوز ، ڈاکٹر فضل اعوان، ڈاکٹر محمد افتخار،ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ ڈاکٹر صدف خالق، ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزر رافعہ ناہید، لیبر آفیسر راناآصف منیرکے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد علی مفتی نے بتایا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین میں 16سے18 دسمبر تک جاری رہنے والی پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے2,74,726 بچوں کوپولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائینگے اس مہم میں محکمہ صحت کی پولیو ٹیمیں حصہ لیں گی۔ انہوں نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بتایا کہ گھروں، سکولوں، جھونپڑیوں، لاری اڈوں، ریلوے سٹیشن، بھٹہ جات اور عوامی مقامات پر بھی 5سال سے کم عمر کے بچوں کو قطرے پلانے کا انتظام کیا گیا ہے اور انسداد پولیو مہم کے تحت 1,574ورکرز پر مشتمل محکمہ صحت کی 69فکسڈ ٹیمیں، گھر گھر جانے والی 614ٹیمیں ،داخلی اور خارجی راستوں پر 36ٹیمیں ،67یوسی ایم اوز جبکہ138ایریا انچارج اس کام کیلئے مقرر کئے گئے ہیں اس کے علاوہ ضلعی کی حدود میں مختلف جگہوں پر 15ماڈل ٹرانزٹ پوائنٹس بھی قائم کر دئےے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کو موثر بنانے کیلئے آوٹ ڈور ٹیموں کو کارڈ بھی جاری کیے گئے ہیں تاکہ ان کی پولیو مہم کے دوران موجودگی اور کارکردگی موثر طورپر جانچی جاسکے۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ وہ پولیو ٹیموں کو ایس او پیز کے مطابق بھرپور سیکورٹی فراہم کی جائے اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کو فوکل پرسن مقرر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے کا بچہ ویکسین پینے سے محروم نہ رہے بالخصوص خانہ بدوش اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے مزدوروں کے بچوں کو ہر گز نظر انداز نہ کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کی حسب روایت سپاٹ چیکنگ بھی کی جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں