142

ایم۔پی۔اے ساجد احمد خان بھٹی اور ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین نے قادرآباد میں انصاف صحت کارڈ تقسیم کئے

منڈی بہاوالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 10 اکتوبر2019 ) ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا ہے کہ صحت انصاف کارڈ تقسیم کرنے کا بنیادی مقصد غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کو اعلیٰ اور بہترین علاج فراہم کرنا ہے،عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں ہمارا مقصد عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔

ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری ساجد احمد خان بھٹی نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کا اجراء حکومت کا انقلابی اقدام ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان کے صحت مند معاشرے کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں قادرآباد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کرنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ وزیراعظم کا مشن ہے کہ پاکستان کی عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولیات مفت فراہم کی جائیں جس کی بدولت آج صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ سے ایک فیملی کے افراد 7لاکھ 20ہزار تک اپنا مفت علاج کروا سکیں گے۔

ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری تعلیم ساجد احمد خان بھٹی نے کہا کہ شعبہ صحت کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور جدید علاج معالجہ کی سہولیات کے ثمرات غریب و نادار مریضوں تک پہنچائے جارہے ہیں۔ حکومت 38فیصد غربت کی لکیر کے نیچے 72لاکھ خاندانوں کے تقریباََ چار کروڑ افراد کو صحت انصاف کارڈ فراہم کررہی ہے۔ اب دیہی علاقوں میں لوگ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے باعزت طریقے سے 7لاکھ 20ہزار روپے کا مفت علاج کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کے سلسلے کو آگے بڑھایا جائیگا۔ جس کے تحت ضلع کا کوئی مستحق صحت کارڈ کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا اور صحت انصاف کارڈ کو ہر حقدار تک پہنچایا جائیگا۔

یہ بھی پڑھیں: انصاف صحت کارڈ کیلئے کون مستحق ہے؟ منڈی بہاوالدین میں یہ کارڈ کہاں سے ملے گا؟ اور اس کارڈ سے منڈی بہاوالدین کے کون کون سے ہسپتالوں سے علاج ہو سکے گا؟ تفصیلات پڑھیں

بعدازاں ڈپٹی کمشنرمہتاب وسیم اور پارلیمانی سیکرٹری ساجد احمد خان بھٹی نے بی ایچ یو قادرآباد کا دورہ کرکے مریضوں کی فرداً فرداً عیادت کی اور طبی سہولیات کی فراہمی پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولتوں کی فراہمی میں کسی کوتاہی کی گنجائش نہیں۔ ہسپتال میں آنے والے مریض ہماری ذمہ داری ہیں۔ ان کو علاج معالجے میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنے دیں گے۔

دریں اثناءانہوں نے عوامی شکایات پر لینڈ ریکارڈ سنٹر کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ زمین کے انتقال اور اندراج کے حوالے سے عوام کو درپیش مسائل اور خامیوں کو جلد دور کیا جائے اور اپنی ذمہ داریوں کو شفاف انداز سے احسن طریقے سے پورا کیا جائے۔ حکومت پالیسی کے مطابق ریکارڈ سنٹر میں آنے والے سائلین کی معاونت کی جائے اور انہیں سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

ایم۔پی۔اے ساجد احمد خان بھٹی اور ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین نے قادرآباد میں انصاف صحت کارڈ تقسیم کئے” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں