31

ریسکیو 1122 کے زیراہتمام ” قومی دن برائے قدرتی آفات” کے حوالے سے اسپائر کالج اور سپیرئیر کالج پھالیہ میں خصوصی دن منایا گیا

منڈی بہاوالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 08 اکتوبر2019 ) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئرعمران خان نے” قومی دن برائے قدرتی آفات” پر آگاہی کے حوالہ سے کہا ہے کہ 8اکتوبر 2005کے دن پاکستان کے مختلف علاقوں میں آنے والے تباہ کن زلزلہ میں 73ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے۔ اس سانحہ میں بے پناہ مالی نقصان بھی ہوا جس کا پاکستان متحمل نہیں تھا۔ اس ہولناک زلزلہ کو قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ریسکیو 1122 کے زیراہتمام ” قومی دن برائے قدرتی آفات” کے حوالے سے اسپائر کالج اور سپیرئیر کالج پھالیہ میں ضلع میں ہونے والے حادثات سے متعلق تصاویری نمائش اور ریہرسل کرتے ہوئے کیا۔ جس میں حادثات و سانحات سے نبردآزما ہونے کی پیشگی و بچاﺅ کی تدابیر کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔

اس موقع پرپرنسپل ا سپائر کالج نوید گیلانی، پرنسپل سپیرئیر کالج مظہر اقبال، ریسکیو سیفٹی انسٹرکٹر افضال احمد ، عصمت جاوید، ایڈمن آفیسر ذیشان اللہ، سٹیشن کوآرڈینیٹر سہیل خان، میڈیا کوآرڈینیٹر عاطف رفیق اور طلباءو طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان نے کہا کہ محفوظ معاشرہ کے قیام کے لئے انفرادی اور اجتماعی تربیت کی حیثیت مسلمہ ہے۔زلزلہ، سیلاب جیسی آفات قدرت کی طرف سے آتی ہیں۔ ان کو روکنا انسان کے بس کی بات نہیں لیکن قدرتی آفات اور حادثات میں انسانی جانوں اور وسائل کو بچانے کے لئے افراد کا تربیت یافتہ ہونا ضروری ہے۔ کسی بھی حادثہ کی صورت میں تربیت یافتہ اور ماہر افرادی قوت ان حادثات میں نقصان کی شرح کو کم سے کم سطح پر رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ابتدائی طبی امداد سمیت آگ پر قابو پانے کی تربیت ، زلزلہ اور سیلاب کی تباہ کاریوں میں دوسروں کی مدد کے لئے تربیت حاصل کرنا تا کہ بنی نوع انسان کی خدمت کی جا سکے اور کسی بھی حادثہ کو سانحہ ہونے سے بچایا جاسکے یا نقصان کو کم سے کم کیا جاسکے۔

عمران خان نے کہا کہ ریسکیو 1122 ایک ایسا قومی ادارہ ہے جس سے منسلک افراد ہمہ وقت کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انسانیت کی خدمت کے لئے تیار رہتے ہیں۔ یہ فورس نہ صرف بروقت ریسپانس کرتی ہے بلکہ انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر قدرتی آفات، حادثات اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بر وقت امداد و معاونت کے لئے پیش پیش رہتی ہے۔قبل ازیں اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور مرحومین کے درجات کی بلندی اور ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لئے دعا کی گئی۔اختتام پر عقیدت و احترام سے آگاہی واک بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں