45

شہداء اور ان کے لواحقین قوم کے ہیرو اور سرمایہ ہیں،زندہ قومیں کبھی اپنے شہداءکو نہیں بھولتی. ڈپٹی کمشنر کا یوم دفاع و شہدائے پاکستان تقریب سے خطاب

منڈی بہاوالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 06 ستمبر 2019 ) ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہرنے کہا ہے کہ ملکی سلامتی اور بقاء کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم اور مسلح افواج یکجان ہیں، شہداء اور ان کے لواحقین قوم کے ہیرو اور سرمایہ ہیں،زندہ قومیں کبھی اپنے شہداءکو نہیں بھولتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ضلع کونسل ہال میں یوم دفاع اور شہدائے پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او ناصر سیال،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس رانا ضیاءاللہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، سی ای او ایجوکیشن سیف اللہ سیفی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد علی مفتی، ڈی ایچ اوز،ڈی اوز ایجوکیشن، اساتذہ و طلباء اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میںیوم دفاع اور شہدائے پاکستان کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیاگیا۔

تقریب باقاعدہ آغاز پرچم کشائی کے بعد تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہرنے کہا کہ آج پوری قوم اپنے شہداءکو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ہمیں ان شہداءکی قربانیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں ،افسروں، پولیس، سیکورٹی اداروں اور شہریوں وطن عزیز کی نظریاتی و جغرفیائی سرحدوںکی حفاظت کے علاوہ عوام کو دہشتگردی سے محفوظ بنانے کیلئے اپنی جانوں کے نظرانے پیش کئے اور ہمارے کل کیلئے اپنا آج قربان کر دیا۔

قبل ازیں ڈی پی او ناصر سیال نے کہا کہ آج پاکستانی قوم مادر وطن پر جانیں نچھاور کرنے والے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور اس بات کا عہد کرتی ہے کہ تمام درپیش چیلنجز پر قابو پا کر اقوام عالم کی صف میں نمایاں مقام حاصل کریگی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو کسی بھی لمحے تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔ کشمیری پاکستان کی جان ہیں اور ان کی آزادی کیلئے ہم آخری گولی ،آخری سپاہی اور آخری سانس سے لے کر آخری حد تک جائیں گے اور انشاءاللہ کشمیر ایک دن پاکستان بنے گا۔

تقریب سے مختلف سکولوں کے طلباءو طالبات نے یوم دفاع اور یوم شہداءپاکستان اور یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداءکی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ملکی سالمیت اور استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا اور اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کیلئے آخری دم تک ان کا ساتھ دینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں