61

ملک بھر کی طرح ضلع منڈی بہاوالدین میں بھی 14 اگست جوش و خروش سے منایا گیا۔ یوم آزادی کی مرکزی تقریب ضلع کونسل ہال منڈی بہاوالدین میں منعقد کی گئی

منڈی بہاؤالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 14 اگست 2019 ) ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا ہے کہ 14 اگست اہم ترین دن ہے۔ پاکستان جیسا عظیم وطن حاصل کرنے کیلئے طویل جدوجہد اور لازوال قربانیاں دینا پڑیں۔ ہم سب کو مل کر اپنی اپنی فیلڈ میں بہتر سے بہترین طریقے سے فرائض سرانجام دینے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔آزادی کے اس موقع پر ہم کشمیر ی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ضلع کونسل ہال میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں پرچم کشائی کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈی پی او ناصر سیال ،عادل امتیاز چوہدری ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس رانا ضیاء اﷲ ،سی ای اوز، ڈی اوز سمیت دیگر تمام محکموں کے افسران ،معززین شہر،تاجربرادری، صحافی برادری،طلباء و طالبات اور عوام الناس کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ 8:45 پر سائرن کے بعد کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اورپرچم کشائی کی گئی ۔بعدازاں باقاعدہ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے ہوا اور مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات نے وطن سے محبت اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے ملی نغمے ،تقاریر، ٹیبلو اور خاکے پیش کرکے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

شرکاء کی جانب سے بچوں کی پرفارمنس کو سراہا گیا اور ہال میں موجود حاضرین نے بھرپور داد دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے شرکاء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب پاکستان کے حصول اور ا س کے تحفظ اور استحکام کیلئے جانوں کے نظرانے پیش کرنے والوں کی شہادتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے عوام الناس بالخصوص طلباء ،اساتذہ اور تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں سے اپیل کی کہ وہ انفرادی و اجتماعی کاوشوں سے وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے میں اپنا خصوصی کردار ادا کریں۔

انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ طالب علموں میں پاکستانیت بھرنے کیلئے سکول اسمبلی کے دوران تربیت دی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نہتے اور نڈر کشمیری ظالم قابض انڈین فوج کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں ۔کبھی بھی ظلم سے امن نہیں ہوتا ۔بہت جلد کشمیریوں کو ان کا جائز حق خودارادیت دلوائیں گے تاکہ وہ آزادی کی خوشیاں ہمارے ساتھ منا سکیں۔ ڈی پی او ناصر سیال نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ اپنے اسلاف کے دئیے ہوئے اس ملک کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے اور اس کی سلامتی اور تحفظ کیلئے اپنے خون کا ایک ایک قطرہ بہا دینگے۔

یوم آزادی یوم کے موقع پر کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔عادل امتیاز چوہدری نے کہا کہ آج خوشی کے پرمسرت موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم ایمانداری اور دیانتداری سے مل کر اس ملک کی خدمت کرکے اس کو آگے لے جائینگے اور اس کو کرپشن فری نیا پاکستان بنائینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا اور کشمیری آزادی سے سانس لے سکیں گے۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او ضلع کونسل کے احاطے میں کلین اینڈ گرین مہم کے حوالے سے پودا لگایا اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مریضوں کی عیادت کی اور یوم آزادی کی مناسبت سے مریضوں میں گفٹ اور مٹھائی بھی تقسیم کی۔ جبکہ تحصیل منڈی بہاؤالدین میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوو ایڈمنسٹریٹر منڈی بہاؤالدین ملک غضنفر علی اعوان، ملکوال میں اسسٹنٹ کمشنر نعمان فاروق تارڑاور تحصیل پھالیہ میں اسسٹنٹ کمشنر ساجد منیرنے تقریب کی صدارت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں