60

ضلع میں 883 مساجد، 16 عید گاہیں، 32 امام بارگاہیں، 10 بیت الحمد جبکہ 08 کھلے مقام پر نماز عیدالاضحی کے اجتماعات پر 1,000 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے

منڈی بہاؤالدین: ضلعی پولیس کی جانب سے عید الاضحی 2019کے موقع پرجامع سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا۔

منڈی بہاؤالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 09 اگست 2019 ) ضلع میں 883 مساجد 16 عید گاہیں32 امام بارگاہیں 10 بیت الحمد جبکہ 08 کھلے مقام پر نماز عیدالاضحی کے اجتماعات ہوں گے۔ امن وامان کی صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لئے جامع سیکیورٹی پلان مرتب، ضلع بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، ملک دشمن و جرائم پیشہ عناصر پرکڑی نگاہ رکھنے کے لئے سول پارچات میں بھی ملبوس اہلکار تعینات،

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منڈی بہاؤالدین ناصر خان سیال کی زیر نگرانی ضلع بھر میں امن وامان قائم رکھنے کے لئے 1،000 سے زائد پولیس افسران و اہلکاران اور قومی رضاکاران بھی ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ ان کے علاوہ پرائیوٹ گن مین بھی ڈیوٹی دیں گے۔ اہم مساجد و عبادت گاہوں میں واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیٹکٹر کا استعمال جبکہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔ شہربھر میں پکٹ پوائنٹ قائم کرکے مشکوک اور شرپسند عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایات جاری۔ جبکہ بھاری گاڑیوں کا شہر میں داخلہ بندکردیا گیا ہے۔

عیدالاضحی کی خوشیو ں کے موقع پر عوام الناس کو پرامن ماحول فراہم کر نے کے لئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے اور ضلعی پولیس اپنے فرائض انتہائی بہادری اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہوکر انجام دیتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنائے گی۔ ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس ،موبائلز کے دستے مسلسل گشت کناں ہوں گے جبکہ شہر بھرکے بازاروں، منڈی مویشیوں اور زیادہ رش والے مقامات مارکیٹوں، شاپنگ سنٹرز، کمرشل سنٹرز، کاروباری پوائنٹس، اہم شاہراہوں اور داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس ملازمان الرٹ رہتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

قومی رضاکاران اور مختلف سماجی کمیٹیوں کے ارکان بھی جذبہ حب الوطنی کے تحت پولیس کے معاون ہوں گے جبکہ ضلع پولیس کی ڈیوٹی کے علاوہ ٹریفک کا نظام رواں دواں رکھنے کے لئے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی بائی نیم ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ جنہیں اپنے فرائض انتہائی ذمہ داری سے سرانجام دینے کی ہدایات دی گئی ہیں۔جن مقامات پر نماز عید الاضحی منعقد ہونی ہے وہاں پارکنگ کا نظام200میٹر کے فاصلے پر بنایا جائے جبکہ منتظمین مسجد کے داخلی راستے پر چیکنگ و شناخت کے لئے مقامی افراد کو مامور کریں گے۔ کسی کو قانون شکنی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: منڈی بہاﺅالدین میں قربانی کے جانوروں کے تین سیل پوائنٹس قائم

اس کے علاوہ وہی تنظیمیں اور خیراتی ادارے قربانی کی کھالیں اکھٹی کرسکتی ہیں جن کے پاس ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ (NOC) سرٹیفکیٹ ہوگا جبکہ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔عیدالاضحی کے موقع پر پارکوں اور تفریح گاہوں پر بھی پولیس ملازمان کو مامور کیا گیا ہے جو مشتبہ افراد، اشیاء، گاڑیوں، موٹرسائیکل ہائے، مشکوک پارسلز، بیگ یا پیکٹ پر کڑی نظر رکھیں گے۔ ہوٹل انتظامیہ اور گیسٹ ہاؤس کے مالکان کو ہدایات جاری کی گئی ہے کہ وہ غیر متعلقہ اور مشکوک افراد کو رہائشی سہولت فراہم نہ کریں۔

انھوں نے مزیدکہا کہ عید کے موقع پر ون ویلنگ، غیر نمونہ نمبر پلیٹ، بلا نمبری گاڑیوں ہوائی فائرنگ ہلڑ بازی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام الناس بھی اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نگاہ رکھتے ہوئے مشکوک اور شرپسند کے بارے میں اطلاع پکار15، مقامی پولیس اسٹیشن یا ضلع کنٹرول روم کے فون نمبر پردے کر محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

ضلع میں 883 مساجد، 16 عید گاہیں، 32 امام بارگاہیں، 10 بیت الحمد جبکہ 08 کھلے مقام پر نماز عیدالاضحی کے اجتماعات پر 1,000 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں