61

ضلع میں ٹرانسپورٹ اڈہ جات کے سٹینڈز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم

منڈی بہا الدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 16 جولائی 2019 ) ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا ہے کہ ضلع میں ٹرانسپورٹ اڈہ جات کے سٹینڈز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے تحصیل ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ ٹرانسپورٹ سٹینڈز کی انسپکشن کر کے مسافروں کیلئے عدم دستیاب سہولیات کو جلد از جلد مکمل کروائیں تاکہ پنجاب حکومت کو دستیاب سہولیات کی فراہمی کے متعلق آگاہ کیا جاسکے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ٹرانسپورٹ اڈہ جات پر مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک غضنفر علی اعوان، اسسٹنٹ کمشنرز کاشف جلیل، پھالیہ ساجد منیر، ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ملک محمد طاہر، ایس ڈی او روڈز خالد چٹھہ،ڈی ایس پی ٹریفک پولیس پرویز اقبال، سی اوز میونسپل کمیٹی ملک شفقت منیر،بشیر تارڑ، اڈہ مالکان کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس کو ملٹی میڈیا کے ذریعے سیکرٹری آر ٹی اے ملک محمد طاہر نے ضلع بھر کے اڈہ جات پر مسافروں کو دی جانے والے سہولیات اور عدم سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے واضح ہدایات ہیں کہ ضلعی افسران ٹرانسپورٹ اڈہ جات کا تفصیلی دورہ کر کے مسافروں کیلئے انتظار گاہوں اور واش رومز میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ ویٹنگ ایریاز میں بیٹھنے کیلئے آرام دہ بینچ،شیلٹر، لائٹنگ، ائیر کولر، صاف پانی، ایل ای ڈی، ڈرائیورز کیلئے ریسٹ ایریاز، اور دیگر ضروری انتظامات موجود ہونے چاہیئں

یہ بھی پڑھیں: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین کا جنرل بس سٹینڈ منڈی بہاوالدین کا دورہ۔ مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا

اس حوالے سے تمام اڈہ جات کے مالکان کو بھی ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ تمام سٹینڈز پر ان سہولیات کو جلد از جلد مکمل کریں۔ بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت کے مطابق تمام اڈہ جات مالکان سٹینڈز پر ایک ماہ میں عدم سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ ایک ماہ میں عدم سہولیات کی فراہمی مکمل نہ ہونے پر ا ن سٹینڈز کو شوکاز نوٹس جاری کے ان کے لائسنس کینسل کر دئیے جائیں گے اور بعد میں کوئی عذر قابل قبول نہ ہو گا۔

ڈپٹی کمشنر نے ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ سیکرٹری آر ٹی اے کے ساتھ مل کر اپنی اپنی تحصیل میں اڈہ جات پر دورے کر کے تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان سٹینڈز پر فروخت ہونے والی کھانے پینے کی اشیاءکا حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق معیار عمدہ ہونا چاہیئے اور مسافروں کی سہولت کیلئے نرخنامے نمایاں جگہوں پر آویزاں ہوں ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے عدم سہولیات کی فراہمی مکمل نہ ہونے پر پھالیہ اور ملکوال میں 03سٹینڈز کی منظوری ایک ماہ کیلئے موخر کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں