70

رمضان بازار ملک وال میں سکیورٹی کے ناقص انتظامات، سکیورٹی اہلکار محو استراحت، واک تھرو گیٹ خراب، شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں

ملک وال ( نامہ نگار 21 مئی 2019 ) رمضان بازار ملک وال میں سکیورٹی کے ناقص انتظامات، سکیورٹی اہلکار محو استراحت، واک تھرو گیٹ خراب، شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق رمضان بازار ملک وال میں سکیورٹی کے ناقص انتظامات کے باعث شہریوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئی ہیں۔ گزشتہ ہفتے کمشنر گوجرانوالہ کے دورہ منڈی بہاؤالدین کے باوجود رمضان بازاروں کے حالات میں کوئی بہتری نہیں آ سکی۔ ملک وال کے رمضان بازار میں موجود پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود ہونے کی بجائے کنٹرول روم میں محو استراحت ہوتے ہیں جبکہ دیگر محکمہ جات کے ملازمین بھی اپنی مقررہ جگہوں پر موجود نہیں ہوتے۔

رمضان بازار میں آنے والے شہریوں کے لئے لگائے گئے واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈٹیکٹر بھی درست حالت میں نہ ہیں جبکہ وہاں موجود اہلکار آنے جانے والوں کی جامہ تلاشی بھی نہیں لیتے۔ لیڈیز پولیس اہلکار بھی رمضان کے پہلے عشرہ میں موجود نہ تھیں، میڈیا کی نشاندہی کے بعد گزشتہ روز دو لیڈیز پولیس اہلکار کو تعینات کیا گیا ہے۔ دوسری طرف نوپارکنگ کے بورڈ کے عین سامنے شہریوں کی موٹرسائیکلیں کھڑی ہونے کی وجہ سے بازار میں آنے والی خواتین و بزرگ افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان بازار منڈی بہاوالدین میں سیکیورٹی کی ناقص صورتحال. دس دن میں دس موٹر سائیکلیں چوری. انتظامیہ خاموش
اسی سلسلہ میں جب اسسٹنٹ کمشنر ملک وال سے رابطہ کیا گیا تو موصوف نے بتایا کہ میں لاہور میٹنگ میں ہوں، واپس آ کر بات کرتا ہوں۔ پیر کے روز بھی دفتر کے ملازم نے بتایا کہ آج بھی صاحب لاہور میٹنگ میں ہیں جبکہ ریڈر بھی منڈی بہاؤالدین ہے۔ شہریوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی اداروں کی غفلت کسی بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے جبکہ متعلقہ حکام کوئی بھی ایکشن نہیں لے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوری طور پر تمام تر انتظامات کو بہتر بنایا جائے تاکہ کسی بھی حادثہ سے بچا جا سکے۔۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں