86

ممبر قومی اسمبلی چوہدری ناصر اقبال بوسال نے جناح گرائمر سکول رکن کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی شرکت

منڈی بہاؤالدین : قوموں کی ترقی کا راز تعلیم میں پنہاں ہے، ماں کی گود انسان کی پہلی درسگاہ ہوتی ہے، اس لئے میں نے اپنے حلقہ میں پانچ گرلز ڈگری کالج تعمیر کروائے، تاکہ ہماری بیٹیاں اپنے گھر کے قریب اعلٰی تعلیم حاصل کرسکیں۔ جب تک ایک بیٹی، بہن اور ماں تعلیم یافتہ نہیں ہوگی معاشرہ ترقی نہیں کریگا، ماضی میں ہمارے حلقہ کی تعمیرو ترقی کی طرف توجہ نہیں دی گئی جس وجہ سے ہمارا ضلع پسماندگی و پستی کا شکار رہا۔
ان خیالات کا اظہار ممبر قومی اسمبلی چوہدری ناصر اقبال بوسال نے جناح گرائمر سکول رکن کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیاوی کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے، ہم یہود و نصاریٰ کے حملوں کی زد میں ہیں، ہمیں دین کا دامن تھامے رکھنا ہے، دینی تعلیم کے بغیر دنیاوی تعلیم بے مقصد ہے۔ میں پورے پاکستان کے سکولوں کی انتظامیہ اور اساتذہ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اپنے اپنے سکولوں میں دینی تعلیم کیلئے کم از کم ایک گھنٹہ ضرور مختص کریں۔ چوہدری ناصر اقبال بوسال ایم این اے کا مزید کہنا تھا کہ جناح گرائمر سکول ہمارے علاقے کا بہترین سکول ہے جو بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ انکی تربیت بھی کررہا ہے۔ ڈائریکٹر امتیاز گوندل اور پرنسپل الطاف گوندل ہر سال مجھے عزت بخشتے ہیں اور اپنی تقاریب میں مدعو کرتے ہیں جو میرے لئے اعزاز سے کم نہیں۔

اس موقع پر چوہدری ناصر اقبال بوسال ایم این اے نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

اس سے قبل جب چوہدری ناصر اقبال بوسال ایم این اے سکول پہنچے تو ڈائریکٹر امتیاز احمد گوندل حسنانہ، چوہدری ظہور احمد گوندل، حاجی شیراز گھمن، پرنسپل الطاف گوندل اور عزت رسول نے انکا شاندار استقبال کیا۔ ان پر گل پاشی کی گئی، طلبہ، طالبات، اساتذہ اور والدین نے کھڑے ہوکر تالیوں کی گونج میں انھیں ویلکم کیا۔
سید نجم الحسن نقوی وائس چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل، چوہدری فیصل نذیر گوندل بگے، چوہدری اسرار گوندل رہنما آزاد گروپ ملکوال، چوہدری واجد گوندل، سید حسن، سرفراز بوسال، خضر حیات، سہیل بوسال اور محمد اقبال بھی انکے ہمراہ تھے۔

علاوہ ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل الطاف گوندل نے کہا کہ جناح گرائمر سکول رکن نے میٹرک اور پرائمری کے امتحانات میں اس سال بھی اپنا ریکارڈ برقرار رکھا ہے اور ضلع بھر میں چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے ۔ پرائمری سیکشن میں طالبہ عائشہ رسول 476 نمبرز حاصل کرکے ضلع بھر میں چوتھے اور اپنے سکول میں پہلے نمبر پر رہیں۔ رامین فاطمہ نے 435 نمبرز کے ساتھ دوسری جبکہ محسن علی نے 412 نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جناح گرائمر سکول رکن چوہدری امتیاز احمد گوندل حسنانہ نے خطاب کرتے ہوئے اپنے سکول کی شاندار کارکردگی کا کریڈٹ پرنسپل چوہدری الطاف احمد گوندل اور تمام سٹاف کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ جناح گرائمر سکول میں انتظامیہ اور اساتذہ ملکر بچوں پر انفرادی توجہ دیتے ہیں جسکی بدولت یہ شاندار کامیابیاں اور پوزیشنز حاصل ہورہی ہیں۔

تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر سکول چوہدری امتیاز احمد گوندل حسنانہ نے مہمانان گرامی چوہدری ظہور گوندل، عثمان علی رانجھا صدر پریس کلب، کالم نگار عزت رسول، حاجی شیراز گھمن اور ظفر گوندل کو خصوصی شیلڈز پیش کیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں