39

اسپیشل افراد کے لئے منڈی بہاﺅالدین میں اب تک کے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے رپورٹ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو پیش. اسپیشل افراد کو رعایتی سفری کارڈ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

منڈی بہاﺅ الدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو منڈی بہاﺅالدین ملک غضنفر علی اعوان نے کہا ہے کہ اسپیشل افراد کو اللہ تعالیٰ نے اضافی خوبیوں سے نوازا ہے۔ انہیں کسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ خصوصی افراد کو زیادہ سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ معاشرے کے فعال شہری بن سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ کمپلینٹ اینڈ ریڈریسل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر عاطف علی وڑائچ، فوکل پرسن برائے نابینا افراد حافظ محمد الیاس، فوکل پرسن برائے جسمانی معذور افراد منیر احمد زاہد، فوکل پرسن ڈیف افراد محمد نعمان ،اسپیشل ایجوکیشن کے نمائندے اور دیگر بھی موجود تھے۔

قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر اینڈ بیت المال عاطف علی وڑائچ نے اجلاس کو اسپیشل افراد کےلئے ضلع منڈی بہاﺅالدین میں اب تک کے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں موجود اسپیشل افراد کے نمائندوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو رعایتی سفری کارڈ پر عملدرآمد ،خصوصی بچوں کے سکولوں میں داخلہ اور بلائینڈ ایسوسی ایشن کے دفتر کے سامنے تجاوزات کے ہٹائے جانے سے متعلق اپنی اپنی گزارشات پیش کیں۔ جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے سیکرٹری آر ٹی اے کو تمام ٹرانسپورٹرز کو خصوصی افراد کے رعایتی سفری کارڈپرعملدرآمدیقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے بلائینڈ ایسوسی ایشن کے دفتر کے سامنے سے تجاوزات کو ہٹانے کیلئے نائب تحصیلدار اور حلقہ پٹواری کو طلب کر لیا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیونے اسپیشل ایجوکیشن کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ آگاہی مہم کے ذریعے زیادہ سے زیادہ خصوصی بچوں کو سکولوں میں داخل کروایا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ معذور افراد کی ایسوسی ایشن کے پاس اپنا ذاتی دفتر نہیں ہے جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر کو اس سلسلے میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ اسپیشل افراد کیلئے حکومتی منظوری کے بعد سرکاری سطح پر جگہ فراہم کی جائے جہاں پرایسوسی ایشن کی ذاتی بلڈنگ بنا کر خصوصی افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں