110

ریونیو افسران ریکوری کے اہداف کو سو فیصد یقینی بنائیں اور باقاعدگی سے یا ہفتے میں کم سے کم دو وزٹ ضرور کریں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز )ٓ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو منڈی بہاؤالدین بلال فیروز جوئیہ نے کہا ہے کہ ریونیو افسران ریکوری کے اہداف کو سو فیصد یقینی بنائیں اور باقاعدگی سے یا ہفتے میں کم سے کم دو وزٹ ضرور کریں ۔ عوامی معاملات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ ہمارا مقصد عوام کو سہولیات اور ریلیف فراہم کرنا ہے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ریونیو افسران کی کارکردگی کے حوالے سے ریونیو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ توقیر الیاس چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال نعمان فاروق تارڑ، ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفیسر منورکسانہ، تینوں تحصیلوں کے تحصیلداران، نائب تحصیلداران ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر اور دیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بلال فیروز جوئیہ نے کہا ہے کہ جائیداد کے وراثتی معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اس سلسلہ میں کسی کو تنگ نہ کیا جائے۔ اسسٹنٹ کمشنرز باقاعدگی سے کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ سنٹر کا وزٹ کریں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جو معاملات کئی سال سے حل طلب ہیں ان کو فوری حل کیا جائے۔ کسی بھی فیصلہ کیلئے جو ٹائم فریم ہے اس پر عمل کیا جائے۔ ہمارا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے انہوں نے زرعی انکم ٹیکس، واٹرریٹ،تاوان، سٹیمپ ڈیوٹی ، رجسٹریشن فیس سمیت ٹیکسز کی وصولی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ آن لائن موضعات میں کھیوٹ اور انتقالات کے ایشوز کو حل کرنے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیں اور مطلوبہ اہداف کے حصول کیلئے اس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور فیلڈ سٹاف کو متحرک کیا جائے۔ بلال فیروز جوئیہ نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لاتے ہوئے سرکاری واجبات کی وصولی کے عمل میں تیزی لائیں اور اس سلسلہ میں نادہندگان کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں