85

پلاسٹک بیگز کے استعمال میں کمی لانے کیلیے ٹیکس نافذ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے پلاسٹک بیگز کے استعمال میں کمی لانے کے لیے ٹیکس نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی نے پلاسٹک بیگز پر ٹیکس نافذ کرنے کے لیے ابتدائی تجویز تیار کرلی ہے جس کے تحت فی پلاسٹک بیگ پر ایک سے 2روپے ٹیکس نافذ کرنے کی تجویز دی ہے۔

ایکسپریس سے گفتگو میں وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کا کہنا تھاکہ ’’ٹیکس کے نفاذ کا مقصد پلاسٹک بیگز سے چھٹکارا دلانا ہے، جب تک ٹیکس نافذ نہیں ہوگا لوگ پلاسٹک بیگز کا استعمال نہیں چھوڑیں گے‘‘۔زرتاج گل کا کہنا تھا کہ صوبوں کو اعتماد میں لیکر ٹیکس نافذ کیا جائے گا۔

سینیٹ کی کاکس برائے موسمیاتی تبدیلی اجلاس میں وزارت موسمیاتی تبدیلی حکام نے پلاسٹک بیگز کے نقصانات کے حوالے سے بریفنگ دی ۔حکام نے انکشاف کیا کہ ’’حال ہی میں سمندری راستے سے کراچی بندرگاہ پر 800کنٹینرز کے ذریعے غیر قانونی طور پر پلاسٹک ویسٹ پاکستان لارہے تھے اس کو پکڑا گیا ہے۔

سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہمیں انٹرنیشنل کنونشن پر عملدرآمد کے لیے وفاق اور صوبوں کے مابین فریم ورک بنانے کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں سینیٹر عائشہ رضا کا کہنا تھا کہ ہمیں پلاسٹک بیگز سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے لوگوں کو شعور دینا ہوگا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں