57

ورلڈ پوسٹ ڈے کے حوالہ سے ملک وال پوسٹ آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، سکول کے بچوں کو ڈاک کے نظام سے متعلق آگاہی دی گئی

ملک وال(نامہ نگار) دنیا بھر کی طرح 09 اکتوبر کو پاکستان میں بھی ورلڈ پوسٹ ڈے منایا جاتا ہے جس کا مقصد روابط میں پاکستان پوسٹ کی اہمیت اور اس میں کام کرنے والے افراد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔اسی حوالہ سے ملک وال پوسٹ آفس میں بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سکول کے بچوں ، شہریوں اور صارفین کو ڈاک کے نظام سے متعلق آگاہی دی گئی۔

بچوں کو ڈاک کے نظام سے متعلق مختلف مراحل کے بارے میں اسسٹنٹ سپرٹینڈنٹ توقیر احمد نے تفصیل بتائی اور انہیں مختلف کاؤنٹرز کا وزٹ بھی کروایا گیا جبکہ وہاں آنے والے صارفین اور شہریوں میں معلوماتی پمفلٹ بھی تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر توقیر احمد نے ڈویژنل سپرٹینڈنٹ پاکستان پوسٹل سروسز روبینہ صدیق کی ہدایات کے مطابق صارفین کو پاکستان پوسٹ کی خدمات استعمال کرنے کی ترغیب بھی دی،

ان کا کہنا تھا کہ دیگر پرائیویٹ کمپنیوں کی نسبت پاکستان پوسٹ سستے داموں معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے، اس لئے شہریوں کو قومی ادارہ کی خدمات حاصل کر کے اسے مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان پوسٹ کے زیراہتمام بہت جلد سکول کے بچوں کے مابین لیٹر رائٹنگ کا مقابلہ بھی کروایا جائے گا جس میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء کو نقدانعامات سے بھی نوازا جائے گا۔۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں