62

قومی دن برائے قدرتی آفات کے سلسلہ میں ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام منڈی بہائوالدین میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122منڈی بہاؤالدین انجینئرعمران خان نے قومی دن برائے قدرتی آفات پر آگاہی کے حوالہ سے کہا ہے کہ 8اکتوبر 2005کے دن پاکستان کے مختلف علاقوں میں آنے والے تباہ کن زلزلہ میں 73ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے۔ اس سانحہ میں بے پناہ مالی نقصان بھی ہوا جس کا پاکستان متحمل نہیں تھا۔ اس ہولناک زلزلہ کو قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ریسکیو 1122 کے آفس میں ضلع میں ہونے والے حادثات سے متعلق تصاویر کی نمائش کرتے ہوئے کیا۔اس دن کے حوالے سے ریسکیو 1122 کے زیراہتمام قومی دن برائے قدرتی آفات کے حوالے سے مختلف سکولوں‘کالجوں اور یونین کونسلز میں سیمینارز و آگاہی واک کا انعقاد بھی کیا گیا ۔ جس میں حادثات و سانحات سے نبردآزما ہونے کی پیشگی و بچاؤ کی تدابیر کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان نے کہا کہ محفوظ معاشرہ کے قیام کے لئے انفرادی اور اجتماعی تربیت کی حیثیت مسلمہ ہے۔زلزلہ، سیلاب جیسی آفات قدرت کی طرف سے آتی ہیں۔ ان کو روکنا انسان کے بس کی بات نہیں لیکن قدرتی آفات اور حادثات میں انسانی جانوں اور وسائل کو بچانے کے لئے افراد کا تربیت یافتہ ہونا ضروری ہے۔ کسی بھی حادثہ کی صورت میں تربیت یافتہ اور ماہر افرادی قوت ان حادثات میں نقصان کی شرح کو کم سے کم سطح پر رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ابتدائی طبی امداد سمیت آگ پر قابو پانے کی تربیت ، زلزلہ اور سیلاب کی تباہ کاریوں میں دوسروں کی مدد کے لئے تربیت حاصل کرنا تا کہ بنی نوع انسان کی خدمت کی جا سکے اور کسی بھی حادثہ کو سانحہ ہونے سے بچایا جاسکے یا نقصان کو کم سے کم کیا جاسکے۔

ریسکیو 1122 کے سیفٹی آفیسر راجہ گلفام ایک ایسا قومی ادارہ ہے جس سے منسلک افراد ہمہ وقت کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انسانیت کی خدمت کے لئے تیار رہتے ہیں۔ یہ فورس نہ صرف بروقت ریسپانس کرتی ہے بلکہ انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر قدرتی آفات، حادثات اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بر وقت امداد و معاونت کے لئے پیش پیش رہتی ہے۔قبل ازیں اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور مرحومین کے درجات کی بلندی اور ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لئے دعا کی گئی۔اختتام پر عقیدت و احترام سے آگاہی واک بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں