29

کھیلیں معاشرے میں رواداری بھائی چارے اور حب الوطنی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، حافظ سلیمان تنویر

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین حافظ سلمان تنویر نے کہا ہے کہ کھیلیں معاشرے میں رواداری بھائی چارے اور حب الوطنی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان سے نوجوانوں میں سپورٹس مین سپرٹ پیدا ہوتی ہے جو ان میں برداشت اور مل جل کر کام کرنے کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپلیس میں جشن آزادی کے حوالے سے منعقد ہونے والے سپورٹس مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈی او سپورٹس وحید احمد ،تحصیل سپورٹس آفیسرپھالیہ فوزیہ تارڑ،تحصیل سپورٹس آفیسرملکوال قمر اقبال،کھلاڑیوں اور شائقین کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین مہتاب وسیم کی خصوصی ہدایت پر جشن آزادی کے حوالے سے ضلع بھر میں بچوں اور نوجوانوں کے مابین مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات جاری ہیں۔اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپلیس میں ٹیبل ٹینس ، بیڈ مینٹن اور ریسلنگ کے فائنل مقابلہ جات منعقد ہوئے اور کھلاڑیوں نے بڑھ چڑھ کر اور بڑے جوش و خروش سے ان مقابلہ جات میں حصہ لیا۔ٹیبل ٹینس کے مقابلہ جات میں کاشف حسین ونر جبکہ سعدون عباس رن اپ رہے۔ بیڈمنٹن کے مقابلہ جات میں واسو بیڈ منٹن کلب سخت مقابلے کے بعد ونر رہا جبکہ اکبر کلب منڈی بہاؤالدین نے رنر اپ کی پوزیشن حاصل کی۔اسی طرح ریسلنگ کے مقابلہ جات میں منڈی بہاؤالدین کے اویس احمد سخت مقابلے کے بعد ونر رہے جبکہ ملکوال کے نصر گوندل رنر اپ قرار پائے۔

مہمان خصوصی اور شائقین نے ان مقابلہ جات کو انتہائی شوق سے دیکھا اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر ان کو داد دی اور حوصلہ افزائی کی۔بعدازاں مہمان خصوصی نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔انہوں نے کہا کہ کھیلیں بچوں کی کردار سازی میں نمایاں رول اد ا کرتی ہیں جو بچے صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں وہ ہمیشہ صحت مند رہتے ہیں اور بڑے ہوکر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔انہوں نے ڈی او سپورٹس کو جشن آزادی کے حوالے سے کھیلوں کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں