58

صفائی مہم کے ساتھ ساتھ ناجائز تجاوزات کو ہٹانے اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ہم سب کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا تا کہ ضلع بھر کے 12لاکھ عوام صاف ستھرے ماحول میں رہ سکیں، ڈپٹی کمشنر

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین مہتاب وسیم نے کہا ہے کہ ضلع میں صفائی مہم کامیابی سے جاری و ساری ہے۔صفائی مہم کا یہ کام مستقل اورسائینٹفک بنیادوں پر شروع کیا جارہا ہے۔ صفائی مہم کے ساتھ ساتھ ناجائز تجاوزات کو ہٹانے اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ہم سب کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا تا کہ ضلع بھر کے 12لاکھ عوام صاف ستھرے ماحول میں رہ سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں صفائی مہم اور ناجائزتجاوزات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طارق نیازی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیلم سلطانہ ، اسسٹنٹ کمشنرز منڈی بہاؤالدین حافظ سلمان، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ رانا جمیل اسسٹنٹ کمشنر ملکوال راجہ سلیم،تینوں تحصیلوں کے سی اوز میونسپل کمیٹیز کے علاوہ متعلقہ اداروں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی۔
یہ خبر بھی پڑھیں
ڈپٹی کمشنر منڈی بہائوالدین مہتاب وسیم کا صفائی مہم کا افتتاح، ویڈیو دیکھیں

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے ضلع کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے جامع پلان ترتیب دے کر صفائی مہم کا آغاز کیا ہوا ہے اور صفائی مہم روزانہ کی بنیاد پر کی جارہی ہے جبکہ صفائی کے ساتھ ساتھ سینی ٹیشن سے تجاوزات ہٹانے کا کام بھی مستقل بنیادوں پر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں عوامی اور سماجی حلقے بھی شہر کو مستقل بنیادوں پر صاف ستھرا اور ناجائزتجاوزات سے پاک رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔

انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ ناجائز تجاوزات اور صفائی ستھرائی کے کام میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام الناس میں صفائی اور تجاوزات کو ہٹانے کے حوالے سے میں شعور و آگاہی کیلئے فلیکسز لگائی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے انتظامات میں ضلعی انتظامیہ و دیگر تمام اداروں ،عوام الناس اور میڈیا کا اہم رول ہوگا۔ہم سب نے مل کر اجتماعی کوششوں سے ہی صفائی کے نظام کو مستقل بنیادوں پر استوار کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں