71

منڈی بہائو الدین ڈپٹی کمشنر منڈی بہائوالدین مہتاب وسیم نے3میڈیکل سٹور مالکان کے خلاف مقدمات ڈرگ کورٹ بھیجنے کا حکم دے دیا

منڈی بہائو الدین ڈپٹی کمشنر منڈی بہائوالدین مہتاب وسیم نے3میڈیکل سٹور مالکان کے خلاف مقدمات ڈرگ کورٹ بھیجنے کا حکم دے دیا۔

اس امر کا فیصلہ ڈی سی آفس میں ان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر لیاقت علی خان، ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولر محمد ندیم افضل، سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ عظمیٰ مظہربھی موجود تھے۔

اجلاس میں ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب 10 میڈیکل سٹورز مالکان کے کیسز پیش کئے گئے ۔ جن پر بغیر لائسنس ، بغیر وارنٹی، زائدالمیعاد، غیر رجسٹرڈ ادویات رکھنے اور ادویات کا ریکارڈ نہ رکھنے ، صفائی سھترائی اور فریزر میں ادویات نہ رکھنے وغیرہ ایسے الزامات تھے۔اجلاس میں تمام میڈیکل سٹورز مالکان کو اپنی صفائی پیش کرنے کا فرداً فرداً موقع دیا گیا۔جس پر اجلاس میں بورڈ کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں 3 میڈیکل سٹورز مالکان کے مقدمات ڈرگ کورٹس بھیجنے ِ،3کو اگلی پیشی پر آنے اور 3کو از سرنو معائنہ کرنے جبکہ ایک میڈیکل سٹور کو مشروط وارننگ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنرمہتاب وسیم نے کہا کہ حساس ادویات کے لئے ریفریجریٹر یا ائیر کنڈیشنر کی موجودگی ضروری ہے۔میڈیکل سٹور مالکان ادویات کی خریدوفروخت کا مکمل ریکارڈ اور وارنٹی ضرور رکھیں۔کسی میڈیکل سٹور پر زائد المیعاد ادویات نہیں ہونی چاہئیں۔ کوالیفائیڈ شخص کے بغیر کوئی میڈیکل سٹور یا کلینک کام نہیں کر سکتا۔

نان کوالیفائیڈ حکیموں اور عطائیوں کا اپنی تشہیری مہم چلانا بھی غیرقانونی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ڈرگ انسپکٹر ز کو واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر میڈیکل سٹور پر ڈرگ ایکٹ کے قوانین کے مطابق معائنہ کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوراََ کاروائی کریں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے ممبران کو ہدایت کی کہ وہ ماہانہ اور 15روزہ کی بجائے ہفتہ وار اجلاس منعقد کرے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور ڈرگ کنٹرولر کی ٹیمیںعطائیوں کا قلع قمع کرنے کیلئے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں اور ڈرگ ایکٹ پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں