17

جنرل الیکشن 2018کو شفاف اور پرامن بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ عوام الناس بلا خوف و خطر آزادانہ طور پر اپنا حق راہ دہی استعمال کر سکیں، کمشنر گوجرانوالہ

منڈی بہاؤ الدین ( ایم بی ڈین نیوز ) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسداﷲ فیض نے کہا ہے کہ جنرل الیکشن 2018کو شفاف اور پرامن بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ عوام الناس بلا خوف و خطر آزادانہ طور پر اپنا حق راہ دہی استعمال کر سکیں۔انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ناگہانی آفات سیلاب وغیرہ کو روکنا انسان کے بس میں نہیں تاہم پیشگی تیاریوں سے نقصانات سے بچا جاسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ضلعی افسران کے ساتھ الیکشن 2018اور مون سون کی بارشوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو،سینئر سول جج منڈی بہاؤالدین،سی ای اوایجوکیشن، سی ای او ہیلتھ، اسسٹنٹ کمشنرز،ایکسین ایریگیشن،اے ڈی پلاننگ،ایکسین بلڈنگ،ریسکیو1122،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ،انچارج ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنرمنڈی بہاؤالدین مہتاب وسیم سلائیڈ کی مدد سے کمشنر گوجرانوالہ کو الیکشن 2018اور مون سون کی بارشوں کی پیشگی تیاریوں اور انسداد ڈینگی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ الیکشن 2018 اورمون سون بارشوں کے حوالے سے پیشگی تیاریاں مکمل ہیں۔ جس پر کمشنر نے واضح کیا کہ شفاف اور منصفانہ الیکشن اولین ترجیح ہیں۔ افسران امیدواروں اور عوام کے ساتھ انصاف سے کام لیں اور مکمل طور پر غیر جانبدار رہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو 100فیصد یقینی بنایا جائے اور ضلع بھر کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی بالخصوص خواتین عملے اور ووٹر کو ہر ممکن بنیادی سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔

اجلاس کے بعد کمشنر گوجرانوالہ نے ڈی ایچ کیو اور چلڈرن ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران مختلف شعبوں آئی سی یو،آپریشن تھیٹر، برن یونٹ، لیبارٹری، میل فی میل اور گائنی وارڈز کا معائنہ کیا اور وہاں پر مریضوں کو دی جانے والے طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔انہوں نے زیر علاج مریضوں سے ان کی صحت اور طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے استفسار کیا۔گائنی وارڈ میں مریضوں کے لواحقین کی جانب سے سٹاف کے رویے کی شکایت کا فوری طور پر نوٹس لیا اور ڈپٹی کمشنر اور سی او ہیلتھ کو بہتری لانے کی ہدایت کی۔

بعدازاں کمشنر گوجرانوالہ ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین کے ہمراہ رسول بیراج پر سیلابی صورتحال سے نمنٹنے کیلئے ریسکیو1122کی موک ایکسرسائز کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مون سون کے دوران بارشوں کے نقصانات سے بچنے کیلئے خصوصی پیشگی انتظامات کئے گئے ہیں بالخصوصی حفاظتی بندوں اور فلڈ پوائنٹس کی نگرانی، ریلیف کیمپس کے قیام، مشینوں کی فٹنس اور آلات کے مکمل فنکشنل ہونے کے متعلق سرٹیفکیٹ بھی لئے گئے ہیں۔اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ مون سون بارشوں کے دوران کشتیوں ، لائف جیکٹس اور آلات کو مکمل چالو حالت میں رکھا جائے اور موسم برسات میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے قائم کئے گئے کنٹرول روم کو مزید فعال بنایا جائے تا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بہتر طور پر نمٹا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں