96

ڈپٹی کمشنر کا ممکنہ مون سون بارشوں اور سیلاب کی پیش نظر حفاظتی بندوں اور فلڈ پوائنٹس پر محکمہ موسمیات کی معاونت سے نگرانی کے کام کو مزید موثر بنانے کا حکم دے دیا

منڈی بہاؤ الدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین مہتاب وسیم نے ممکنہ مون سون بارشوں اور سیلاب کی پیش نظر حفاظتی بندوں اور فلڈ پوائنٹس پر محکمہ موسمیات کی معاونت سے نگرانی کے کام کو مزید موثر بنانے کا حکم دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ مون سون کے دوران الیکشن کے دنوں بالخصوص پولنگ ڈے کے موقع پر بارشوں کے نقصانات سے بچنے کیلئے خصوصی پیشگی انتظامات کئے جائیں ۔تمام متعلقہ محکمے موسم برسات کے لئے اب تک اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے سرٹیفکیٹ بھی پیش کریں۔

اس امر کا فیصلہ آج یہاں ڈی سی آفس میں ان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں لیفٹینینٹ کرنل ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عبد السلام عارف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بلال فیروز جوئیہ، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین شبیر حسین چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ظہیر انور، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر لیاقت علی خان، سی ای ایجوکیشن سید توقیر حسین شاہ، محکمہ آبپاشی، فوڈ کنٹرولر، محکمہ اطلاعات، سی اوز میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے کوآرڈینیٹراور انچارج ریسکیو 1122نے اجلاس کو ضلع منڈی بہاؤالدین کے لگنے والے دریاؤں جہلم اور چناب کی گزشتہ سے لیکر اب تک کی سیلابی صورتحال کے متعلق بریفنگ دی۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قدرتی آفات روکنے پر انسان کا اختیار نہیں لیکن پیشگی تیاری کر کے بڑے نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔

انہوں نے ڈی ڈی ایم سی، ریسکیو 1122اور محکمہ انہار کو محکمہ موسمیات سے رابطہ کر کے ممکنہ مون سون بارشوں اور دریاؤں میں پیشگی صورتحال سے متعلق با خبر رہنے کی ہدایت کی۔انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو دریاؤں ، بیراجوں اور نہروں کے حفاظتی بندوں کی نگرانی فلڈ ریلیف کیمپس کے قیام، مشینوں کی فٹنس اور آلات کے مکمل فنکشنل ہونے کے متعلق سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دنوں اور پولنگ ڈے کے موقع پر سینٹری ورکرز کو دیہی بالخصوص شہری علاقوں میں مزید متحرک کیا جائے تا کہ بارشوں کے دوران کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی سے نمٹا جا سکے

۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم نے ممکنہ سیلابی خطرے سے نمٹنے کیلئے رسول بیراج کے مقام پر موک ایکسر سائز کا معائنہ بھی کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران سب سے اہم کردار ریسکیو اور ریلیف کا ہوتا ہے جس کیلئے ریسکیو 1122کا محکمہ اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ ریسکیو1122کے اہلکاروں نے سیلاب میں ڈوبنے والے افراد کو بچانے کا مظاہرہ کیا جبکہ محکمہ صحت ، لائیو سٹاک نے کیمپ لگائے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان نے ڈپٹی کمشنر کو تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کشتیوں، لائف جیکٹس اور دیگر ضروری سامان کو مکمل چالو حالت میں رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ موسم برسات میں کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام محکمے ٹیم ورک کا مظاہرہ کریں اور شدید بارشوں یا سیلاب آنے کی صورت میں شہریوں کے جان و مال کو تحفظ یقینی بنانے کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہونی چاہیئں۔کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ہر محکمہ اپنے اپنے تیار کردہ پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں