121

نگراں وزیر اعلی پنجاب کی منڈی بہائوالدین اپنے والدین کی قبروں پر فاتحہ خوانی. آئینی تقاضوں کے مطابق شفاف الیکشن کروانا نگران حکومت کی ترجیح ہے

آئینی تقاضوں کے مطابق شفاف الیکشن کروانا نگران حکومت کی ترجیح ہے:۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب
صوبے میں ہسپتالوں کے قیام اور اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔جہاں فنڈز کی کمی ہوگی اسے پورا کرکے جاری ترقیاتی پروجیکٹس مکمل کروائے جائینگے:۔ڈاکٹر حسن عسکری

منڈی بہاؤ الدین ( ایم بی ڈین نیوز ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ آئینی تقاضوں کے مطابق شفاف الیکشن کروانا نگران حکومت کی ترجیح ہے۔صوبے میں ہسپتالوں کے قیام اور اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔جہاں فنڈز کی کمی ہوگی اسے پورا کرکے جاری ترقیاتی پروجیکٹس مکمل کروائے جائیں گے۔ رسول یونیورسٹی کی فعالیت اور تعلیم کی کوالٹی ترجیح ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں اپنے آبائی شہر منڈی بہاؤالدین میں زیر تکمیل نئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیرخزانہ ضیاء حیدر رضوی،ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب ڈاکٹر اکرم اشرف گوندل ،ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین حافظ شوکت علی، ڈی پی او فیصل مختار، ضلعی چیئرمین ضلع کونسل چوہدری غلام حسین بوسال،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ، سی ای او ہیلتھ،ایکسئین بلڈنگ، ایس ڈی او بلڈنگ ،ضلعی انتظامی و دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ میڈیا کے نمائندے بھی شریک تھے۔قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے آج یہاں چلڈرن ہسپتال اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور وہاں پرمریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں جن میں آئی سی یو، آپریشن تھیٹر، سی سی یو، برن یونٹ کا معائنہ کیا ۔انہوں نے زیر علاج مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ نے نئے زیر تکمیل ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ بھی کیا۔ جہاں پر انہیں ہسپتال کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منڈی بہاؤالدین میں 784.698ملین روپے کی لاگت سے 258بیڈ پر مشتمل جدید ہسپتال زیر تکمیل ہے جو کہ فنڈز دستیاب ہونے پر دسمبر2018 تک مکمل کر لیا جائیگا۔ جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے انتظامی امور اور بنیادی ضروریات کو پورا کیا جائیگا۔جہاں فنڈز کی کمی ہوگی اسے پورا کرکے جاری ترقیاتی پراجیکٹس میں ذاتی دلچسپی لے کر ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وقت کم ہے لیکن منڈی بہاؤالدین میں ہیلتھ اور رسول یونیورسٹی کو ترجیحی بنیادوں پر مزیدفعال بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ضلع منڈی بہاوالدین شہر کے سڑکوں اورپینے کے صاف پانی کے مسئلے کو بھی جلد از جلد حل کیا جائیگا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ میڈیا سے براہ راست رابطہ رکھتا ہوں ۔عوام کی بہتری کیلئے میڈیا کو بھی سپورٹ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا اپنا اپنا ایجنڈہ ہے۔نگران حکومت قوم کی توقعات پر پورا اترے گی تمام سیاسی پارٹیوں کیلئے یکساں مواقع فراہم کرینگے ۔ہماری کارکردگی سے سیاسی جماعتوں کا ہم پر اعتماد بحال ہوگا۔الیکشن ختم ہونے کے بعد اندازہ ہوگا کہ واقعی شفاف الیکشن ہوئے ہیں۔قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ کی منڈی بہاوالدین آمد پرتپاک استقبال کیا کیا بعدازاں نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقامی قبرستان بھی گئے جہاں پر انہوں نے اپنے آباؤ اجداداور عزیزو اقارب کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں