60

عید پلان مرتب: عیدگاہوں و تمام اہم مقامات کی سیکیوٹی فل پروف بنانے، ٹرانسپورٹرز کو مقررہ کرایہ کی وصولی اور 3 روز صفائی ستھرائی کیلئے حکم نامہ جاری کر دیا

منڈی بہاؤ الدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین حافظ شوکت علی کی زیر صدارت عیدالفطر کے دوران امن و امان اور دیگر انتظامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈی پی او منڈی بہاؤالدین فیصل مختار کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او ہیلتھ،سی ای اوزمیونسپل کمیٹیز،سیکرٹری آر ٹی اے،ٹریفک پولیس، انچارج ریسکیو 1122 اور دیگر محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی پی او فیصل مختار نے بتایا کہ جمعۃ المبارک اور عیدالفطر کے حوالے سے خصوصی سیکورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے اور عیدگاہوں اور اہم مقامات پر سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عیدالفطر کے موقع پرشاہراوں پر ون ویلنگ اورنہروں اور کھالوں میں نہانے پر مکمل پابندی ہوگی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس موقع پر کوراپ کے طور پر کسی بھی قسم کی ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں میں ڈیوٹی روسٹر جاری کر دئیے گئے ہیں۔دریں اثناء ضلعی انتظامیہ منڈی بہاؤالدین نے عیدالفطر پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں اوور چارجنگ روکنے کیلئے خصوصی سکواڈ تشکیل دے دئیے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری ڈی آر ٹی اے فریال فخرکو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹرانسپورٹر نمائندوں کا اجلاس طلب کرکے واضح کردیں کہ حکومت مقررہ کرایوں سے زائد کسی کو ہرگز وصولی نہیں کرنے دے گی۔ عید سے پہلے تمام روٹس پر ٹرانسپورٹ کرائے چیک کئے جائیں، کرائے نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کئے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر ڈی سی آفس رپورٹ پیش کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے میونسپل انتظامیہ کو عیدالفطر کے موقع پرتین روز تک صفائی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی اور عملہ صفائی کی ڈیوٹی روسٹر جاری کرنے اور پبلک مقامات پر صفائی کے خصوصی انتظامات کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ۔انہوں نے محکمہ ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ عیدکی شاپنگ کے رش کے پیش نظر بازاروں اور اہم پبلک مقامات پر ٹریفک پلان مرتب کرکے اس پر عملدرآمد کروایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں