48

ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں میں عوام کوسہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے

منڈی بہائو الدین ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں میں عوام کوسہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔اشیائے خوردونوش کی کوالٹی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کو ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کریں اور تمام افسران اور اہلکاران خدمت کے جذبے کو بروئے کار لائیں۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں رمضان بازاروں اور مدنی دستر خوانوں کے قیام اور انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیئرمین ضلع کونسل چوہدری غلام حسین بوسال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بلال فیروز جوئیہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محمد ارشد بھدر، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہائوالدین شبیر حسین چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ظہیر انور، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال نعمان فاروق،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ممتاز بیگ، ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام حیدر،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر شہباز احمد،حاجی بابو بشیر احمد،مارکیٹ کمیٹی کے ممبران ،ضلع بھر کے تاجر راہنمائوں کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق معیاری اور ارزاں قیمتوں پر اشیائے خوردونوش کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تا کہ صارفین آسانی سے حاصل کر سکیں۔ تمام سٹالوں کے باٹ چیک کئے جائیں۔ابتدائی طبی امداد کے پوائنٹس کے علاوہ آٹے اور چینی کے سیل پوائنٹ کا حجم بڑا اور سایہ دار ہونا چاہئیے۔ان سٹال پر خواتین کیلئے الگ انتظام کیا جائے ۔ اسی طرح بزرگ شہریوں کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے۔انہوں نے محکمہ زراعت اور مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں پھلوں اور سبزیوں کی سپلائی میں کوئی کمی نہ آنے دیں۔انہوں نے کہا کہ ہر رمضان بازار کا فوکل پرسن اپنی مستقل موجودگی کو یقینی بنائے اور شکایات سیل میں درج کرائی جانے والی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور سپیشل مجسٹریٹ صاحبان کو ہدایت کی وہمنڈیوں اور رمضان بازاروں کے دورے کریں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے اور سی سی ٹی وی کیمروں کو مکمل فعال رکھا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس بار بھی رمضان المبارک کے دوران مسافروں اور مستحق افراد کی افطاری کے لئے مخیر حضرات کے تعاون سے ضلع کی تینوں تحصیلوں میں مدنی دستر خوان لگائے جائیں گے۔ماہ مقدس کے دوران یہ کام صرف رضائے الہٰی کے حصول کیلئے کیا جائے گا۔انہوں نے تاجر تنظیموں اور سماجی رہنمائوں سے کہا کہ انہیں خدمت خلق کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں