47

رمضان بازاروں کے مقاصد حاصل کرنے کیلئے تمام محکمے جانفشانی سے کام کریں۔ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی

منڈی بہاؤ الدین ( ایم بی ڈین نیوز ) اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاؤالدین شبیر حسین چیمہ نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں کے مقاصد حاصل کرنے کیلئے تمام محکمے جانفشانی سے کام کریں۔ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔تاجر برادری رمضان المبارک میں صارفین کوزیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کریں۔ رمضان بازاروں میں شہریوں کی سہولت کیلئے پہلے سے زیادہ بہتر اقدامات کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ضلع بھر کے تاجر رہنماؤں کے ساتھ رمضان بازار کے انعقاد اورضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ظہیرانور ، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال نعمان فاروق، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ثاقب حیات، ڈی او انڈسٹریز رانا گلفام،چیف آفیسر ضلع کونسل اشفاق وڑائچ ، ضلعی وائس چیئرمین مرزا زبیر بیگ، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی ، انجمن تاجران کے رہنماؤں خواجہ عامر اکبر،حاجی عبدالحکیم، نادر خان، حاجی بابو بشیر اور دیگر نے شرکت کی۔

اسسٹنٹ کمشنر شبیر حسین چیمہ نے کہا کہ رمضان المبارک میں رمضان بازاروں کے قیام کا مقصد کم آمدنی والے صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے ۔جس کیلئے وفاقی ، صوبائی حکومتیں اور انتظامیہ خصوصی انتظامات کئے ہیں۔رمضان بازاروں میں عوام کیلئے سہولتوں میں کمی نہیں ہونی چاہیئے۔ جن افسروں اور اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی ہیں وہ خدمت خلق کے جذبے کے ساتھ کام کر کے اپنے رب کو خوش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عوام کو رمضان بازاروں میں ماضی سے بڑھ کر سہولیات فراہم کرنے کا عزم کیا ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے ویژن کے عین مطابق رمضان بازاروں میں معیاری ضروری اشیاء کم قیمت پر فروخت کی جائیں گی۔ امید ہے کہ تاجر رہنما بھی منافع خوروں کے عزائم کو ناکام بنانے میں تعاون کریں گے۔

شبیر حسین چیمہ نے پرائس مجسٹریٹوں کو ہدایت کی کہ وہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کی آمد پر گراں فروشی اور ذخیرہ اندازی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی عوامی مفادات کو چند عناصر کے ہاتھوں یر غمال بننے دیا جائے گا۔اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو مسلسل چیک کیا جائے گا۔ رمضان بازاروں میں سٹالز لگانے کیلئے ایسے خواہشمند دکانداروں کا انتخاب کیا جائے جو ذاتی مفاد پر عوامی خدمت کو ترجیح دیتے ہوں۔اس موقع پر تاجران نے حسب سابق ضلعی انتظامیہ کو رمضان المبارک میں حکومتی ہدایت کے مطابق اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
٭٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں