83

تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ 4سے 9سال تک کی عمر کے تمام بچوں کا سکولوں میں سو فیصد داخلہ یقینی بنایا جائے

منڈی بہاؤ الدین ( ایم بی ڈین نیوز ) تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ 4سے 9سال تک کی عمر کے تمام بچوں کا سکولوں میں سو فیصد داخلہ یقینی بنایا جائے۔ محکمہ ایجوکیشن سکولوں کے ڈراپ آؤٹ کے خاتمے کیلئے پوری طرح کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ جنرل مینجر منڈی بہاؤالدین /سرگودھا مہر عمر دراز نے گورنمنٹ گرلز ایم سی ہائی سکول منڈی بہاؤالدین میں نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ اور محکمہ ایجوکیشن کے اشتراک سے یونیورسل پرائمری ایجوکیشن کی داخلہ مہم کے حوالہ سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں ڈسٹرکٹ پروگرام مینجر ایجوکیشن آصف علی تارڑ ، ڈی ای او سیکنڈری چوہدری محمد اورنگزیب، ڈی او ایلیمنٹری قاضی ظہور احمد، ڈپٹی ڈی ای او منڈی بہاؤالدین غلام جیلانی ، اے ای اوز، اساتذہ کرام اور طلباء نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہر عمر دراز نے کہا کہ 4سے 9سال تک کے بچوں کو سکول پہنچانا اور سو فیصد داخلہ کو یقینی بنانا NCHDاور محکمہ ایجوکیشن کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم داخلہ جات پر زیادہ توجہ دی جائے تا کہ ہر علاقے کا بچہ زیور تعلیم سے آراستہ ہو سکے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری چوہدری محمد اورنگزیب نے یو پی ای اور یو ایس ای پر کام کرنے کو اپنا نصب العین بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی ڈی ای اوز بچوں کے داخلہ کیلئے بھر پور خدمات سر انجام دیں۔ انہوں نے مرکز کوآرڈینیٹر اور نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں