56

تھانہ ملک وال کے وائر لیس آپریٹر حاجی مقبول کی ریٹائرمنٹ کے موقع پران کے اعزاز میں تھانہ میں پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منڈی بہاؤالدین فیصل مختار کی ہدایت پر تھانہ ملک وال کے وائر لیس آپریٹر حاجی مقبول کی ریٹائرمنٹ کے موقع پران کے اعزاز میں تھانہ میں پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا اور دوران سروس ان کی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا
ملک وال(نامہ نگار) ۔تفصیلات کیمطابق تھانہ ملک وال کے پولیس اہلکار اہلکار وائرلیس آپریٹر حاجی مقبول کی ریٹائرمنٹ پر تھانہ میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈی ایس پی رانا محمد اسلام تھے ، ڈی ایس پی رانا محمد اسلام اور ایس ایچ او انسپکٹر محمد نعیم گجر نے حاجی مقبول کو پھولوں کا ہار پہنایا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی رانا محمد اسلام اور ایس ایچ او محمد نعیم گجر نے کہا کہ باعزت ریٹائرمنٹ کسی اعزاز سے کم نہیں، ایمانداری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے ہمیشہ دلوں میں زندہ رہتے ہیں اور دوسروں کے لیے قابل تقلید ہوتے ہیں۔ محنتی اور دیانتدار اہلکار و افسران محکمہ کا سرمایہ ہیں کیونکہ شہریوں کو ان کی موجودگی سے تحفظ محسوس ہوتا ہے اور معاشرہ کا ہر فرد یہ امید کرتا ہے کہ ان کی حق تلفی نہیں ہو گی اور انصاف کی فراہمی یقینی اور فوری ہو گی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او نے حاجی مقبول کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر ریٹائرہونے والے ہیڈ کنسٹیبل وائرلیس آپریٹر حاجی محمد مقبول نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ نے عوامی خدمت کا ذریعہ محکمہ پولیس میں ان کا رزق مختص کر کے خصوصی کرم نوازی فرمائی اور اپنے ساتھیوں کو پیغام دیا کہ اپنے افسران اور محکمہ سے وفادار رہیں ۔ ان کا جینا مرنا صرف اور صرف عوامی خدمت ،ایمانداری اور محنت میں غیر متزلزل یقین پر ہونا چاہیے جو نہ صرف قلبی سکون کا ذریعہ ہے بلکہ مستقبل کے تاریک گوشوں میں ان کے لئے مشعل راہ ہو گا۔ نیتوں کا بدلہ ضرور اس زندگی میں ملتا ہے اور یہ انسان پر خود منحصر ہے کہ وہ اپنے لئے کیا بو رہا ہے پس ایسی یادیں چھوڑیں کہ ائندہ انے والے اچھے الفاظ میں یاد کریں اور آنیوالوں کے لئے آپ کا کردار مشعل راہ ہو۔تقریب کے اختتام پر پولیس افسران ، ملازمین اور میڈیا نمائندگان نے حاجی مقبول کو تحائف، نیک تمناؤں اور دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں