57

ملک وال،سانحہ چیئرنگ کراس لاہور میں شہیدہونے والے ایس ایس پی زاہد محمود گوندل شہید کی پہلی برسی

ملک وال(نامہ نگار)سانحہ چیئرنگ کراس لاہور میں شہیدہونے والے ایس ایس پی زاہد محمود گوندل شہید کی پہلی برسی ملکوال کے نواحی گائوں سندا زاہد محمود گوندل شہید میںانتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ڈی پی او منڈی بہائوالدین فیصل مختار نے ان کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پرانہوں نے کہا کہ آج کا دن پنجاب پولیس کے لئے ایک عظیم دن ہے اس دن ہمارے پولیس افسران، جوانوں اور لوگوں نے شہادت کا رتبہ حاصل کیا ،یہ دن ہم ان کی یاد میں منا رہے ہیںاور اس بات کا ارادہ کرتے ہیں کہ جس طرح ان لوگوں نے اپنی جان کی پرواہ نہیں کی اسی طرح اس ملک اور اس ملک کی عوام کے لئے ہم بھی اپنی جان کی پرواہ نہیں کریں گے ۔ ڈی پی او نے کہا کہ تحصیل ملکوال کے گائوں سندا کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ زاہد محمود گوندل شہید کا تعلق اس علاقہ سے تھا جن کی شہادت پنجاب پولیس کیلئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس ملک کی حفاظت میں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ شہدائے پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ہمیں ان کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے ، ان کے ورثاء ہمارے لیے قابل احترام ہیں اور محکمہ کا ہر افسر اور جوان شہداء پر فخر کرتا ہے ۔ پنجاب پولیس پاکستانی قوم کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جرائم پیشہ عناصر سے جوانمردی سے لڑ کر شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہو رہی ہے اور پنجاب پولیس اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ مر جائیں گے مٹ جائیں گے لیکن اپنے شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے اور امن کے دشمنوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ علاقہ کی عوام کا کہنا تھا کہ جس بہادری سے انہوں نے اپنے فرائض سر انجام دیے اس سے محکمہ پولیس یا ان کے خاندان کا نہیں بلکہ پورے علاقے کی عوام کا سر فخر سے بلند ہے اور اگر وطن کی خاطر دوبارہ بھی قربانی دینے کا موقع مل گیا تو دریغ نہیں کریں گے ۔ علاقے کی عوام نے کہا کہ ایس ایس پی زاہد محمود گوندل شہید پر ہمیں فخر ہے ۔ سالانہ برسی میںان کے اہل خانہ، پولیس افسران و ملازمان اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں