88

منڈی بہاؤالدین میں فیز 1کی 228سکیموں کے لئے 650ملین روپے کے فنڈز ریلیز ہوئے جن سے 75 سکیمیں کامیابی سے مکمل کی جا چکی ہیں

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ترقیاتی سکیموں کیلئے صوبائی حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے۔ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل از حد ضروری ہے تا کہ مربوط ترقی کے خواب کی تعبیر کو پورا کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین حافظ شوکت علی نے ترقیاتی سکیموں کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن سید توقیر حسین شاہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ مرتضیٰ چٹھہ،ایکسیئن، ایس ڈی او بلڈنگز اور دیگرز بھی موجود تھے۔اجلاس میں مختلف منصوبوں پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ مرتضیٰ چٹھہ نے بتایا کہ منڈی بہاؤالدین میں فیز 1کی 228سکیموں کے لئے 650ملین روپے کے فنڈز ریلیز ہوئے جن سے 75 سکیمیں کامیابی سے مکمل کی جا چکی ہیں جبکہ باقی سکیموں کی تکمیل آخری مراحل میں ہیں جو کہ جلد ہی مکمل کر لی جائیں گی جبکہ فیز 2کی 148سکیموں کیلئے 294ملین روپے کے فنڈز ریلیز ہوئے ہیں جن پر کام جاری ہے۔ اسی طرح اے ڈی پی کی 151نئی سکیموں پر بھی کام جاری ہے۔

مختلف منصوبوں پر بریفنگ لینے کے بعد ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت نے رواں سال اے ڈی پی میں شامل پراجیکٹس کیلئے مختص فنڈز کے ساتھ جاری پراجیکٹس کیلئے بھی فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کے افسران منصوبہ جات پر کام کی رفتار تیز کردیں اور تمام سکیمیں 31مارچ تک مکمل کر لی جائیں۔ انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ فنڈز کے اجراء کے بعد ترقیاتی محکموں کے سربراہان جاری منصوبوں کے تمام پہلوؤں پر کڑی نظر رکھیں۔ کام ٹھیکیداروں پر چھوڑنے کی بجائے محکموں کے افسران سکیموں کی خود نگرانی کریں۔ کوالٹی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے گا۔

بعد ازں ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منڈی بہاؤالدین کی نئی عمارت کا دورہ کیا۔دورے میں انہوں نے ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی نئی عمارت منڈی بہاؤالدین کا ایک میگا پراجیکٹ ہے۔عوامی مفاد کے اس منصوبے کی تکمیل کاکام جتنی جلد ممکن ہو مکمل کیا جائے گا۔غیر ضروری تاخیر ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جلد نیا ہسپتال تعمیر ہونے سے منڈی بہاؤالدین کی عوام کو صحت کی جدید سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضلع میں جاری منصوبوں کا گاہے بگاہے دورہ کرتے رہیں گے اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے خود فیلڈ میں جا کر تمام ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتا رہوں گا۔٭٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں