134

سعودی عرب میں نمائش کیلیے پہلی پاکستانی فلم منتخب

ریاض: سعودی عرب میں اگلے سال مارچ سے دوبارہ کھلنے والے سینما گھروں میں پاکستانی فلم پرچی کو منتخب کرلیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تقریباً 35 برس کے بعد سعودی عرب میں آئندہ سال مارچ میں سینما گھر دوبارہ کھل جائیں گے اور اس سلسلے میں آڈیو وژیوئل میڈیا کنٹرول کرنے والے ادارے نے سعودی عرب کے سینما گھروں میں دکھانے کے لیے فلموں کا انتخاب شروع کر دیا ہے۔ سعودی وزیر ثقافت اور اطلاعات عواد بن صالح نے سینما گھروں کے آغاز کی تصدیق کردی ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق انتظامیہ نے اب تک چند فلموں کی منظوری بھی دے دی ہے، ان ابتدائی فلموں میں پاکستان کی سب سے پہلی فلم پرچی سعودی سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ ایکشن، سسپنس اور کامیڈی پر مبنی فلم پرچی ناظرین کی توجہ سینما گھروں کی جانب مبذول کرائے گی اور فلم کے نمایاں اداکار حرمین فاروق، علی رحمان خان اور شفقت چیمہ ہیں، جنہیں سعودی فلم بین اپنے ملک میں پہلی بار بڑی اسکرین پر د یکھیں گے۔

فلم کی مرکزی اداکارہ حرمین فاروق کا کہنا ہے کہ فلم کا سعودی تھیٹر کے لیے پہلی فلموں میں منتخب ہونا اعزاز اور فخر کی بات ہے اور یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستانی سینما بین الاقوامی مارکیٹ کو اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ فلم پرچی 5 جنوری کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات اور 12 جنوری کو امریکا میں ریلیز ہو رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں