163

پھالیہ پولیس نے 3رکنی ڈکیت گینگ سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا، 6موٹرسائیکل، موبائل فون اور نقدی برآمد

پھالیہ (تحصیل رپورٹر) تھانہ پھالیہ کے علاقہ میں ایک ڈکیت گینگ نے اپنی مذموم سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی تھیں جس کی وجہ سے عوام کی نیندیں حرام ہوچکی تھیں۔ فیصل مختار ڈی پی او منڈی بہاؤالدین نے ڈی ایس پی پھالیہ سید محمود احمد شاہ کی زیرنگرانی پولیس تھانہ پھالیہ کی ایس ایچ او تھانہ پھالیہ ساجد محمود سوہل اور منور حسین سب انسپکٹر، محمد نواز سب انسپکٹر، محمد اعظم اے ایس آئی، پرویز اقبال اے ایس آئی، کانسٹیبل کامران صدیق، شوکت علی، عرفان صدیق، محمد خواجہ اور محمد آصف پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ جس نے شب وروز محنت کرکے ڈکیت گینگ کے سرغنہ اسد عرف اسدی ولد اکبر علی سکنہ کوٹلہ شاہ حسین، خرم شہزاد ولد محمد بوٹا سکنہ مانوچک اور سرفراز احمد عرف ملکو ولد احمد خاں قوم ملک سکنہ پھالیہ مغلپورہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 6 عدد موٹر سائیکل، نقدی، موبائل فون اور تین عدد پسٹل برآمد کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ اس موقع پر سرکل پولیس آفیسر پھالیہ سید محمود احمد شاہ نے صحافیوں کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ ہم نے عہد کررکھا ہے کہ چوروں اور ڈاکوؤں سے چھینی گئی املاک اور نقدی عوام کو واپس دلائیں گے۔ اس عہد پر قائم ہیں سرکل پھالیہ میں امن وامان کی صورتحال عوام اور میڈیا کے تعاون سے دوسرے علاقوں سے بہتر ہے مزید سرکل پولیس کو واضح ہدایات دے دی گئی ہیں کہ وہ اپنے فرائض منصبی احسن طریقہ سے سرانجام دیں اور حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کو شعار بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں