31

(ن) لیگ کو دھچکا، 5 ارکان اسمبلی نے استعفیٰ دے دیا

فیصل آباد: ختم نبوت کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے 2 ارکان قومی اسمبلی اور 3 ارکان صوبائی اسمبلی نے اپنے عہدوں سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصل آباد میں آستانہ عالیہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیر خواجہ حمید الدین سیالوی کی صدارت میں ختم نبوت کانفرنس ہوئی جس میں مسلم لیگ (ن) کے 5 ارکان اسمبلی نے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیا۔ مستعفی ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے ناراض ارکان اسمبلی میں ایم این اے غلام بی بی بھروانہ، ایم این اے ڈاکٹر نصار جٹ، ایم پی اے نظام الدین سیالوی، ایم پی اے محمد خان بلوچ اور ایم پی اے مولانا رحمت اللہ شامل ہیں۔

غلام بی بی بھروانہ نے کہا کہ پیر آف سیال کے حکم پر استعفیٰ دے رہی ہوں، ان کے لیے جان کا نذرانہ بھی دینا پڑے تو دریغ نہیں کروںگی۔ چوہدری نثارجٹ نے کہاکہ ختم نبوت پر جان بھی قربان ہے، سیاست کا آئندہ فیصلہ پیرحمید الدین سیالوی اور اپنے حلقہ کے مشائخ ومریدین آف سیال شریف اور ووٹرزکی مشاورت سے کروں گا، استعفے کا فیصلہ حتمی ہے، لاہور کے جلسہ وکانفرنس میں مزید استعفے آئیں گے اور اکٹھے حکومت کو بھجوائے جائیں گے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور صوبائی وزیرقانون رانا ثنااللہ فوری مستعفیٰ ہوں ورنہ کئی ارکان اسمبلی ہماری صف میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔

حمید الدین سیالوی نے کہاکہ ختم نبوتؐ پر ہم ہرقسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں، پاکستان علما مشائخ کی کوششوں کے باعث بنا آج تک کسی نے نظام مصطفیٰ کا نام تک نہیں لیا، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک میں نظام مصطفیٰ نافذ کرنے کی غرض سے آئین میں تبدیلی لائی جائے، میں یہاں پر کسی قسم کی سیاست نہیں کروںگا۔ کانفرنس میں اعلان کیاگیا کہ پیرآف سیال کے آئندہ اعلان پر وزیراعلی ہاؤس لاہور کے سامنے کانفرنس ہوگی اور اگر رانا ثنا اللہ خاں نے استعفیٰ نہ دیا تو وہیں پر دھرنا ہوگا اور حالات کی تمام تر ذمے داری حکومت پنجاب پر عائدہوگی۔

دوسری جانب نارووال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ میچ ہارنے کے بعد دھرنے کے بجائے اگلے میچ کی تیاری کرنا چاہیے، سیاست میں آنیوالے کھلاڑیوں نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ نہیں کیا، پاکستان کے خلاف عالمی سازشیں جاری ہیں، استعفوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اسمبلیاں توڑ کر دھاندلی کرانے کامنصوبہ ہے، تبدیلی نعروں اور تقریروں سے نہیں بلکہ کام کرنے سے آتی ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ نواز شریف کو جتنا مائنس کریں گے وہ اتنا ہی پلس ہوگا، ختم نبوت پر قوم کو لڑانے کی کوشش کی گئی، ہر مسلمان ختم نبوت پر گردن کٹوانے کو تیار ہے، خیبرپختونخوا میں ایک بھی میگا واٹ پروجیکٹ شروع نہ کرسکنے والے ملک کیا چلائیں گے؟ آصف زرداری نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، سینیٹ الیکشن سے پہلے اسمبلیاں توڑنے کا مطلب طویل دورانیے کی نگراں حکومت کی سازش ہے، جو سیاسی جماعت اس سازش کا حصہ بنے گی قوم اسے معاف نہیں کرے گی، ہمیں جمہوری عمل کا تسلسل اور انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی بنانا ہے، لیکن عوام جمہوریت کی حفاظت کریں گے ملک کی خدمت کرنے والے لیڈر کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں، ن لیگ کی حکومت نیک نیتی سے عوام کی خدمت کررہی ہے، عمران خان ضدی کھلاڑی بن کر حکومت کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں۔
گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہاہے کہ ابھی ارکان اسمبلی کے استعفوں کا صرف اعلان ہوا ہے، آج پارلیمنٹ کے اجلاس میں دیکھتے ہیں کتنے استعفے جمع ہوتے ہیں، نوازشریف نے ملک میں ترقی کا جو ایجنڈا پیش کیا اس پر کام ہورہا ہے، سازشی ٹولہ 2014 سے حکومت ختم ہونے کی پیش گوئیاں کررہاہے، انتشاری سیاستدان ملک میں فساد پھیلانا چاہتے ہیں، ملکی ترقی اور خوشحالی کے خلاف مسلسل سازشیں کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ سیال شریف درگاہ کے پیر محمد حمید الدین سیالوی نے عہد کیا ہے کہ وہ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے مستعفی ہونے تک تحریک جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں