107

ضلع منڈی بہاؤلدین میں ’’خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام‘‘ کاآغاز کر دیا گیا، روڑیاں اور کچرا اٹھا کر دیہات سے باہر ڈمپنگ سائٹس پر پھینک کر تلف کیا جائے گا

ضلع منڈی بہاؤلدین میں ’’خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام‘‘ کاآغاز کر دیا گیا، ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی
خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کے تحت تمام دیہات میں صفائی ستھرائی کا انتظام کیا جائے گا،تمام دیہات میں نالیوں اور گلیوں کی صفائی کی جائیگی
روڑیاں اور کچرا اٹھا کر دیہات سے باہر ڈمپنگ سائٹس پر پھینک کر تلف کیا جائے گا، یہ کام 20دسمبر سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا،حافظ شوکت علی کی گفتگو

منڈی بہاؤالدین ( ایم بی ڈین نیوز ) ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ ضلع منڈی بہاؤالدین میں ’’خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام ‘‘ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں تمام دیہات سے روڑیاں و دیگر کچرا اٹھایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل رسول اور یونین کونسل شہیدانوالی کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔اپنے دورے میں انہوں نے روڑیوں اور کچرا اٹھائے جانے کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع منڈی بہاؤالدین میں خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں تمام دیہات سے روڑیاں اور کچرا اٹھایاجائے گا اور گاؤں سے دور مختص کی گئی ڈمپنگ سائٹ پر تلف کیاجائے گا، نیز فوری طور پر تمام دیہات میں گلیوں اور نالیوں کی صفائی بھی کی جائے گی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ظفر محمود گوندل، وائس چیئرمین ضلع کونسل مرزا زبیر بیگ ، چیئرمین یونین کونسل شہیدانوالی محمد ارشد وڑائچ اور دونوں یونین کونسلز کے کونسلرز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ دیہات کے عوام الناس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے شروع کئے گئے لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت ہر یونین کونسل میں25لاکھ روپے کے فنڈز ترقیاتی منصوبہ جات کے لئے مہیا کئے گئے ہیں۔ جن پر ابتدائی کارروائی جاری ہے اور جلد ان منصوبہ جات پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ منصوبہ جات 28فروری تک مکمل کر لئے جائیں گے جبکہ ’’خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام‘‘ کے تحت پہلے مرحلے میں تمام دیہات میں روڑیاں اور کچرے کے ڈھیر 20دسمبر سے پہلے اٹھائے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں صفائی کے لئے ہر یونین کونسل میں 6سینٹری ورکر اور ٹریکٹر ٹرالی مہیا کی جائے گی تا کہ دیہی عوام کو صاف ستھرا ماحول مہیا کیا جا سکے۔حافظ شوکت علی نے کہا کہ یہ کام بہت اہم ہے اور صفائی ستھرائی کے اس کام سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ انہوں نے مذید کہا کہ میں ہر روز دیہات میں جا کر اس کام کی نگرانی کروں گا۔ یہ کام 20دسمبر سے پہلے مکمل کرکے دیہات سے گندگی کا خاتمہ کرنا ہے۔
٭٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں