87

ادبی مقابلہ جات برائے 2016 میں پوزیشنیں حاصل کرنیوالے 96طلباء میں 1لاکھ 76ہزار روپے مالیت کے کیش پرائز اور تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے

پھالیہ (تحصیل رپورٹر) تعلیم کا مقصد صرف نصابی سرگرمیوں تک ہی محدود نہیں بلکہ اصل تعلیم طالبعلم کی شخصیت کی تعمیر ہے۔ حکومت پنجاب نے طلباء میں مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، تحریر وتقریر کے شعبہ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں تعریف اسناد اور نقد انعامات اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ پھالیہ راؤ شفیق احمد نے تحصیل پھالیہ اور مختلف مراکز کے طلباء میں حکومت پنجاب کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات کی تقسیم کے سلسلہ میں گورنمنٹ پائلٹ ہائیر سیکنڈری سکول پھالیہ میں خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس تقریب کے مہمانِ خصوصی سینئر ہیڈماسٹر افتخار احمد تارڑ تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر انعقاد پذیر ہونیوالے ادبی مقابلہ جات برائے 2016 میں پوزیشنیں حاصل کرنیوالے 96طلباء میں 1لاکھ 76ہزار روپے مالیت کے کیش پرائز اور تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ تحصیل پھالیہ کا یہ اعزاز ہے کہ گذشتہ تین سال سے ہمارا ہونہار طالبعلم سید مہتاب بخاری گوجرانوالہ ڈویژن کا مسلسل پوزیشن ہولڈر ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور والدین سے اپیل کی کہ وہ طلباء میں مخفی، ادبی اور تقریری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دیں۔ اگر آپ نے تھوڑی سی بھی توجہ دی تو تحصیل پھالیہ کے ہونہار طالبعلم آپ کو کسی میدان میں بھی مایوس نہیں کریں گے۔ اس موقع پر ماہرین تعلیم ناصر فاروق، نجم الحسن، فرحان عمر، جہانگیر علی، شفقات احمد، انعام الحق، تزمل حسین، بابر علی، محمد عرفان، خالد محمود سمیت تحصیل بھر کے اے ای اوز، اساتذہ، صحافی برادری اور پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں