44

محکمہ ہائی وے کی عدم توجہی کی بنا پر ضلع بھر کی اکثر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،ضلع منڈی بہاؤالدین میں نہ ایکسئین اور نہ ایس ڈی او ہائی وے دستیاب

محکمہ ہائی وے کی عدم توجہی کی بنا پر ضلع بھر کی اکثر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،ضلع منڈی بہاؤالدین میں نہ ایکسئین اور نہ ایس ڈی او ہائی وے دستیاب،محکمہ ہائی وے کی گاڑیاں ڈپٹی کمشنر کے زیر استعمال ،سڑکوں پر سفر کرنے والے ذہنی مریض ہو نے لگے
ملک وال(نامہ نگار)۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی ماہ سے ضلع منڈی بہاؤالدین میں ایس ڈی او اور ایکسئین ہائی وے کی آسامیاں خالی ہیں اور ایکسئین گجرات مہر افضل لک اور ایس ڈی او حافظ آباد سعد افضل کو منڈی بہاؤالدین کے اضافی چارج تو دیئے گئے ہیں مگر وہ کبھی کبھارہی ادھر کا رخ کرتے ہیں جبکہ ضلع بھر کی سڑکوں کی حالت دن بدن ناگفتہ بہ ہو رہی ہے اور کوئی پرسان حال نہیں۔منڈی بہاؤالدین تا ملکوال انتہائی اہم سڑک عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور مگر اسکی مرمت کے فنڈز کا کچھ پتہ نہیں کہ کدھر جاتے ہیں،اسی طرح منڈی بہاؤالدین سے کھاریاں اور جہلم براستہ سرائے عالمگیر جانے والی سڑکیں بھی تباہی کے دہانے پہنچ چکی ہیں مگر ان کی از سر نو تعمیر تو دور کی بات انکی مرمت بھی کئی سالوں سے نہیں کی گئی،نیزضلع بھر کی دیگر اکثر سڑکیں بھی عوام کے لئے درد سر بنی ہوئی ہیں۔روزانہ منڈی بہاؤالدین جانے والے لوگ اور خاص کر ہزاروں طلباو طالبات ان ٹوٹی ہی سڑکوں کی وجہ سے ذہنی مریض بنتے جا رہے ہیں مگر ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین حافظ شوکت محکمہ ہائی وے کی تینوں گاڑیاں تو استعمال کر رہے ہیں مگر سڑکوں کی تعمیرو مرمت کے حوالہ سے انکی کارکردگی بھی صفر نظر آتی ہے۔ان سے جب بات کی گئی تو انہوں نے ہائی وے کی گاڑیاں استعمال کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں سڑکوں کے حوالہ سے ایکشن لوں گا۔منڈی بہاؤالدین کا اضافی چارج رکھنے والے ایکسئین گجرات مہر افضل لک سے جب بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ میرے پاس منڈی اور گجرات کے علاوہ سیالکوٹ اورنارووال کا بھی چارج ہے جبکہ منڈی بہاؤالدین محکمہ ہائی وے کی تینوں گاڑیاں ڈی سی کے زیراستعمال ہونا بھی ہمارے لئے مسائل پیدا کر رہا ہے ، بحرحال مجھے منڈی بہاؤالدین کی سڑکوں کی صورت حال کا خیال ہے اور میں بہتری کے لئے کوشاں ہوں ،محکمہ کا روڈ روولر اور دیگر مشینری سڑکوں پرلا کر جلد بہتری لاتے ہوئے جس حد تک ممکن ہوا سڑکوں کی بحالی کریں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں