27

ملک بھرمیں آج یوم دفاعِ پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے

اسلام آباد: ملک بھر میں 52واں یوم دفاعِ پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے جب کہ یوم دفاع کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوگی۔
ملک بھر میں 52 واں یوم دفاع پاکستان آج قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، یوم دفاع پاکستان کے موقع پراسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21، توپوں کی سلامی سے ہوا، مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ مختلف شہروں میں پروقارتقاریب کا اہتمام کیا جائے گا اور 6 ستمبر 1965 کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے اور نشان حیدرپانے والے شہدا کی یاد گاروں پر پھول چڑھانے کے علاوہ قرآن خوانی، فاتحہ خوانی اور دعائیں بھی ہوں گی۔
لاہورمیں علامہ محمد اقبال اور کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح کے مزاروں پرگارڈز کی تبدیلی کی تقاریب ہوں گی جب کہ پشاور میں بھی یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے پاک فوج کے زیر اہتمام کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا اور کوئٹہ میں بھی پاک فوج کے زیر اہتمام عسکری میلے کااہتمام کیا جائے گا۔
رینجرز ہیڈکوارٹرز میں بھی خصوصی تقریبات ہوں گی جب کہ کیپٹن راجا محمد سرور شہید، میجر طفیل محمد شہید، میجر راجا عزیز بھٹی شہید، میجر شبیر شریف شہید، سوار محمد حسین شہید، میجر محمد اکرم شہید، لانس نائک محمد محفوظ شہید، کیپٹن کرنل شہیر خان شہید اور لانس نائیک لالک جان شہید کے مزارات اور یادگاروں پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں